آج دنیا بھر میں ایک گھنٹے کے لیے بتیاں گل کیوں رہیں گی؟
25 مارچ 2023آج پچیس مارچ بروز ہفتہ ایک گھنٹے کے لیے رات ساڑھے آٹھ سے ساڑھے نو بجے کے درمیاں بتیوں کو گل رکھنے کا پروگرام ورلڈ وائلڈلائف فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) کی 16ویں سالانہ تقریب کا حصہ ہے۔اسے "ارتھ آور" کے نام سے جانا جاتا ہے۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اس نے اپنے شراکت دار سڈنی کے ساتھ مل کر اس پروگرام کا آغاز سن 2007 میں کیا تھا۔
روس کا 'ارتھ آور'میں شرکت سے انکار
کریملن کا کہنا ہے کہ ڈبلیو ڈبلیو ایف ایک "غیر ملکی ایجنٹ" ہے لہذ ا وہ اس کے سالانہ پروگرام میں حصہ نہیں لے گا۔
کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے جمعے کے روز نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا،"اس سال اس پروگرام میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کیونکہ وہ(ڈبلیو ڈبیلو ایف) غیر ملکی ایجنٹ بن گیا ہے۔"
کروڑہا لوگ آج روشنیاں بجھا دیں گے
روس ماضی میں 'ارتھ آور' میں حصہ لیتا رہا ہے۔ تاہم اس کی وزارت انصاف نے اس ماہ کے اوائل میں ڈبلیو ڈبلیو ایف کو "غیر ملکی ایجنٹوں" کی فہرست میں شامل کردیا تھا۔ یہ قدم یوکرین میں روس کی جنگ کی مخالفت کرنے والے غیر ملکی امداد یافتہ گروپوں بشمول ماحولیا ت کے لیے سرگرم تنظیموں کے خلاف کارروائی کے تحت اٹھایا گیا ہے۔
درجنوں ماحولیاتی گروپوں نے صدر ولادیمیر پوٹن سے ڈبلیو ڈبلیو ایف کو "غیر ملکی ایجنٹ" کی فہرست سے نکالنے کی اپیل کی ہے۔
'ارتھ آور' کیا ہے؟
ڈبلیو ڈبلیو ایف کی ویب سائٹ پر بتایا گیا ہے کہ"وہ ماحولیات کی بہتری کے لیے سرگرم دنیا کی سب سے بڑی تنظیم" ہے۔ اوراس "ارتھ آور کا مقصد قدرتی ماحول کی حفاظت، ماحولیاتی بحران حل کرنے اور ہم سب کے لیے ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کے لیے مل کر کام کرنے کے خاطرعالمی بیداری پیدا کرنا ہے۔"
ماہرین ماحولیات کا خیال ہے کہ اگر ماحولیاتی تبدیلی کی ابتر ہوتی صورت حال پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اور موثر اقدامات نہیں کیے گئے تو یہ ہمارے اندازوں سے کہیں زیادہ پہلے کرہ ارض کی حدت 2 ڈگری سیلسیئس سے پار کرجائے گی۔
ارتھ آور منانے کا ایک اور مقصد لوگوں کو آگاہی فراہم کرنا ہے کہ توانائی کو ضائع ہونے سے بچایا جائے بالخصوص بجلی کی توانائی، جس کا بحران روز بروز بڑھتا جا رہا ہے۔
'ارتھ آور' کے دوران ہر ملک میں وہاں کے مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے آٹھ سے ساڑھے نو بجے کے درمیان علامتی طورپر تمام اہم سیاحتی مقامات، عمارتوں وغیرہ پر روشن لائٹس بند کر دی جاتی ہیں۔ اپنی ذمہ داری کا احساس کرنے والے شہری بھی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا پیغام
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹریش نے تمام ممالک کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اپنے گھروں کی روشنیاں ایک گھنٹے کے لیے بجھا دیں۔
انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا،"زمین کو محفوظ رکھنے، امن قائم کرنے اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو روکنے کے لیے بڑے پیمانے پر کلائیمٹ ایکشن کو فروغ دینے کی اپیل کرتا ہوں، ہم سب زمین کو بچانے میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔"
’شايد ہم آخری نسل ہيں، جو زمين کو بچا سکتی ہے‘
ان کا کہنا تھا کہ"ہر منٹ اور ہر گھنٹہ قیمتی ہے، میں اپیل کرتا ہوں کہ آپ جہاں بھی ہیں اپنے مقامی وقت کے مطابق رات 8 بج کر 30 منٹ پر ایک گھنٹے کے لیے لائٹیں بند کریں۔"
ج ا/ ش ر (اے ایف پی، نیوز ایجنسیاں)