آئیوا کاکس : سانٹورم اور رومنی کا مقابلہ تقریباً برابر
4 جنوری 2012امریکہ کی وسطی مشرقی ریاست آئیوا میں اس برس کے صدارتی الیکشن کے لیے ریپبلکن پارٹی کے امیدوار کے انتخاب کے سلسلے میں پہلے اہم پارٹی الیکشن کا انعقاد کیا گیا۔ آئیوا میں ایک لاکھ 20 ہزار افراد کے لیے 99 کاؤنٹیز میں 17 سو مقامات پر ووٹ ڈالنے کا بندو بست تھا۔ سخت سردی کے باوجود ریپبلکن پارٹی کے کارکنوں نے ووٹنگ کے عمل میں حصہ لیا۔
ریپبلکن پارٹی کا صدارتی امیدوار بننے کے لیے کل سات امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔ مِٹ رومنی کے علاوہ ران پال، رِک سانٹورم، رِک پیری، نیوٹ گینگریچ، مِشیل باک مین اور جان ہنٹس مین صدارتی امیدوار بننے کی کوششوں میں ہیں۔ اگلے پرائمریز کے دوران اس بات کا امکان ہے کہ سات میں سے بعض امیدوار اپنی مہم ختم کرنے کا اعلان کردیں۔ گورنر رک پیری نے اپنی انتخابی مہم کا جائزہ لینے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
آئیوا کے پارٹی الیکشن میں مِٹ رومنی اور رِک سانٹورم کے درمیان کانٹے دار مقابلہ رہا۔ ابتدا میں اس ریس میں ران پال بھی شریک تھے لیکن آخر میں یہ دو امیدواروں کے درمیان زور دار مقابلہ رہا۔ ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی مکمل ہو چکی ہے۔ مِٹ رومنی اور رِک سانٹورم کو پچیس پچیس فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ سانٹورم کو رومنی سے صرف چند ووٹ زیادہ ملے ہیں۔
مِٹ رومنی امریکی ریاست میسا چیوسٹس کے سابق گورنر ہیں۔ ران پال ریاست ٹیکساس کے بزنس مین ہیں۔ رِک سانٹورم سابق سینیٹر ہیں۔ رِک پیری امریکی ریاست ٹیکساس کے گورنر ہیں۔ نیوٹ گینگریچ امریکی ایوان نمائندگان کے سابق اسپیکر ہیں۔ خاتون امیدوارمشیل باک مین امریکی ریاست منی سوٹا سے ایوان نمائندگان کی رکن ہیں۔ جان ہنٹس مین امریکی ریاست یوٹا کے سابق گورنر ہیں۔
ان چھ میں سے مِٹ رومنی کے علاوہ ران پال اور رِک سانٹورم اہم اور مضبوط امیدوار خیال کیے جا رہے ہیں۔ کچھ امیدواروں کی انتخابی مہم کو گزشتہ ہفتوں کے دوران سیٹ بیک کا سامنا رہا ہے اور اس کا فائدہ مِٹ رومنی اور رک سانٹورم کو پہنچا۔ خاص طور پر رک سانٹورم کی انتخابی مہم گزشتہ دنوں میں عوام میں پذیرائی حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
حتمی پارٹی امیدوار کو ابھی مختلف ریاستوں میں ہونے والے پارٹی انتخابات کا سامنا کرنا ہو گا۔ اس کے بعد ریپبلکن پارٹی کے قومی کنوینشن میں مختلف ریاستوں کے الیکٹورل ڈیلیگیٹس کے سامنے حتمی امیدوار کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔ یہ کنوینشن اگست میں ہوگا۔ اس قومی کنوینشن میں نامزد امیدوار کو نامزدگی قبول کرنے کا باقاعدہ اعلان کرنے کے علاوہ پالیسی بیان بھی جاری کرنا ہوتا ہے۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: ندیم گِل