آئی سی سی انڈر نائنٹین ورلڈ کپ بھارت کے نام
26 اگست 2012اتوار کے روز آسڑیلیا میں کوئنز لینڈ کے ٹونی آئرلینڈ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس فائنل میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا نے مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز بنائے، جس کے جواب میں بھارتی نو جوان بلے بازوں نے 47.4 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر یہ ہدف عبور کر لیا۔
دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو شکست دینے کے بعد انیس برس سے کم عمر کے کھلاڑیوں پر مشتمل بھارت کی کرکٹ ٹیم نے یہ اعزاز تیسری مرتبہ اپنے نام کیا ہے۔ اس سے قبل بھارت کی انڈر نائنٹین ٹیم نے 2000ء اور 2008ء میں بھی کرکٹ کے U-19 ورلڈ کپ کا فائنل جیتا تھا۔
اتوار کو کھیلے گئے فائنل میچ میں آسٹریلوی کپتان ڈبلیو جی بوسِسٹوہی بھارتی بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکے۔ انہوں نے چار چوکوں کی مدد سے 120 گیندوں پر 87 کا انفرادی اسکور بنایا۔ وہ آئی سی سی انڈر نائنٹین ورلڈ کپ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار دیے گئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں اے جے ٹرنر اور ٹی ایم ہیڈ بالترتیب 43 اور 37 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ بھارت کی طرف سے فاسٹ بولر سندیپ شرما نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بھارت نے جب 226 کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنر پرشانت چوپڑا کوئی رن بنائے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ پچیسویں اوور کے دوران 94 رنز پر بھارت کے چار کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ تاہم اُنمکت چند اور وکٹ کیپر بلے باز سمیت پاٹیل نے اس مشکل وقت میں ٹیم کو سہارا دیا اور پانچویں وکٹ کی شراکت میں 130 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنایا۔
انمکت چند نے 130 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 111 رنز بنائے۔ انتہائی احتیاط کے ساتھ اننگز کا آغاز کرنے والے بھارتی کپتان نے ضرورت پڑنے پر انتہائی جارحانہ اسٹروکس بھی کھیلے۔ انہوں نے اپنی اس یادگار سنچری میں چھ چھکے اور سات چوکے لگائے جبکہ پاٹیل نے چار چوکوں کی مدد سے 62 رنز کی انتہائی جاندار اننگز کھیلی۔
اس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں بھارت کی ٹیم نے ایک ڈرامائی مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے دی تھی۔
ab/mm (AFP)