یُو ایس گراں پری میں سباستیان فیٹل کی ریکارڈ ساز کامیابی
18 نومبر 2013امریکی شہر آسٹن میں یُو ایس گراں پری میں یہ سباستیان فیٹل کی مسلسل آٹھویں کامیابی تھی۔ اس طرح وہ فارمولا ون کار ریسنگ کی تاریخ کے پہلی ڈرائیور بن گئے ہیں، جس نے مسلسل آٹھ گراں پری مقابلوں میں فتح حاصل کی تھی۔ وہ اس سے قبل، گزشتہ ماہ چو تھی مرتبہ ڈرائیورز چیمپیئن شپ بھی جیت چکے ہیں۔ مبصرین کے خیال میں چھبیس سالہ جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل فارمولا ون کار ریسنگ کی تاریخ کو اپنی مرضی کے مطابق ترتیب دینے کی کوشش میں ہیں۔ فیٹل رواں برس میں کل 12 گراں پری مقابلے بھی جیت چکے ہیں۔ اگر وہ آخری ریس بھی جیت گئے تو سن 2004 میں جرمنی کی موٹر اسپورٹ کی مشہور شخصیت مشائل شوماخر کے ایک سیزن میں 13 مقابلے جیتنے کا ریکارڈ برابر کر دیں گے۔
یونائیٹڈ اسٹیٹس گراں پری کے پول مقابلوں میں گزشتہ روز فیٹل نے پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ آج ریس کے آغاز پر وہ سب سے آگے تھے اور ریس کا جب اختتام ہوا تو وہ سب سے آگے ہی تھے۔ آسٹن کے ریس ٹریک پر فیٹل کی کامیابی اُن کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت تھا۔ انہوں نے جس مہارت اور تکنیکی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا وہ اپنی مثال آپ تھا۔ انہوں نے آسٹن میں فارمولا ون ریس کو اپنے قریب ترین حریف سے واضح فرق سے جیتا۔ فیٹل کی ریڈ بُل ٹیم کے ساتھی مارک ویبر نے اِس ریس میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ فرانس سے تعلق رکھنے والے روماں گروژاں (Romain Grosjean) کو فیٹل نے چھ سیکنڈ سے زائد فرق سے مات دی۔
آسٹن میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد سباستیان فیٹل کا کہنا تھا کہ وہ کامیابی پر کوئی بھی لفظ ادا کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جیت کے رواں برس کے یہ لمحات تاریخی ہیں اور کوئی اس کی ضمانت نہیں دے سکتا کہ اگلے برس بھی یہی لمحات ہمارے ساتھ ہوں گے۔ یہ امر اہم ہے کہ سباستیان فیٹل نے اپنے فارمولا ون کیریئر کا آغاز امریکی شہر انڈیاناپولِس میں منعقد ہونے والے گراں پری مقابلے سے چھ برس قبل کیا تھا۔ سن 2007 میں فیٹل زاؤبر ٹیم کا حصہ تھے۔
فارمولا ون کار ریسنگ کا رواں برس کا سیزن اب اپنی منزل کے قریب ہے۔ اب صرف ایک ریس بچی ہے جو برازیل کے شر ساؤ پاؤلو میں منعقد کی جائے گی۔ کار ریسنگ کے سنسنی خیز مقابلوں کا نیا میلہ اگلے برس مارچ میں دوبارہ سجنا شروع ہو گا۔ اگلے سال کی پہلی ریس سولہ مارچ کو آسٹریلیوی شہر میلبورن میں شیڈیول ہے۔ سن 2014 میں رواں برس کے مقابلے میں تین نئی گراں پری شامل کی گئی ہیں۔ اِس طرح اگلے سال کُل 22 فارمولا کار ریس مقابلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ تین نئے گراں پری مقابلے امریکی شہر نیو جرسی، میکسیکو سٹی اور روسی شہر سوچی میں پلان کیے گئے ہیں۔