یُو ایس اوپن: راڈِک ریٹائر، فیڈرر باہر، اعصام الحق ڈبلز سیمی فائنل میں
6 ستمبر 2012امریکی شہر نیو یارک کے نواح میں واقع فلشنگ میڈوز نیشنل پارک میں واقع وسیع و عریض ٹینس کمپلیکس میں ٹینس اسپورٹ کا رواں برس کا آخری گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ یُو ایس اوپن دو سابق عالمی نمبر کھلاڑیوں کا آخری ٹورنامنٹ ثابت ہوا۔ خواتین میں بیلجیم کی کم کلائسٹرز کو دوسرے راؤنڈز ہی میں ٹورنامنٹ سے باہر ہونا پڑا۔ امریکی عالمی نمبر ایک اینڈی راڈک کو چوتھے راؤنڈ میں میچ ہارنا پڑا۔ کم کلائسٹرز اور اینڈی راڈک نے یُو ایس اوپن سے قبل ہی ٹینس کو خیرباد کہنے کا اعلان کر دیا تھا۔
اینڈی راڈک نومبر سن 2003 سے لیکر فروری سن 2004 تک مردوں کے عالمی نمبر ایک رہے تھے۔ ان کا چوتھے راؤنڈ کا میچ ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے خوان مارتین ڈیل پوترو (Juan Martin Del Potro) کے ساتھ تھا۔ چار سیٹ کے اس میچ میں پہلا سیٹ اینڈی راڈک نے جیتا۔ اگلے تین سیٹ ڈیل پوترو نے جیتے۔ میچ جوں جوں اپنی منزل کی جانب بڑھ رہا تھا توں توں اینڈی راڈک انتہائی جذباتی کشمکش سے گزر رہے تھے۔ میچ کے اختتام پر راڈک اور ان کی فیملی ان الوداعی لمحات میں آبدیدہ ہو گئے تھے۔
مر دوں کے ڈبلز مقابلوں میں پاکستان کے اعصام الحق اور ان کے ولندیزی ساتھی نے امریکا سے تعلق رکھنے والے ہیریسن برادرز کو شکست دی ہے۔ اعصام الحق کے ولندیزی ساتھی ژاں ژولین روژر (JEAN-JULIEN ROJER) ہیں۔ ان کی ٹورنامنٹ میں رینکنگ نویں ہے۔ کوارٹر فائنل کے میچ میں نوجوان امریکی بھائیوں کی جوڑی ہیریسن برادرز پاکستانی اور ولندیزی کھلاڑیوں کا جم کر مقابلہ کرنے سے قاصر رہی اور انجام کار میچ ہار گئی۔ اعصام اور ژاں ژولین کو میچ جیتنے میں کسی بڑی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
سیمی فائنل میں اعصام الحق اور ان کے ساتھی کو امریکا سے تعلق رکھنے والے جڑواں بھائیوں کی جوڑی برائن برادرز کا سامنا کرنا ہوگا۔ مائیک برائن اور بوب برائن کو موجودہ ٹورنامنٹ میں دوسری پسندیدہ جوڑی قرار دیا گیا ہے۔ برائن برادرز نے سن 2010 میں مردوں کے ڈبلز مقابلے میں اعصام الحق اور ان کے بھارتی ساتھی روہن بوپنا کو ہرایا تھا۔
خواتین کے سنگلز مقابلوں میں دفاعی چیمپئن سمانتھا اسٹوزر شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہیں۔ موجودہ عالمی نمبر ایک وکٹوریا آذارینکا نے اسٹوزر کو ہرایا۔ سیمی فائنل کے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے کے بعد آذارینکا کی عالمی نمبر ایک کی پوزیشن کو اب کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔ سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ روس کی ماریا شاراپووا کے ساتھ ہے۔ دوسرے سیمی فائنل میں اٹلی کی سارا ایرانی کو امریکی ٹینس اسٹار سیرینا ولیمز کا سامنا ہے۔ سیرینا ولیمز کو اس وقت ٹورنامنٹ کا فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ یو ایس اوپن کے ایک کوارٹر فائنل میچ میں چیک جمہوریہ کے ٹوماش بردیخ نے عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر کو شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ہے۔
(ah/aba(AFP, Reuters