یو ایس اوپن پھر سے سیرینا ولیمز کے نام
9 ستمبر 2013امریکی کھلاڑی سیرینا ولیمز اور بیلاروس کی وکٹوریا آذارینکا اتوار کو نیو یارک میں یو ایس اوپن وومنز سنگلز کے فائنل کے لیے میدان میں اتریں۔ اس مقابلے کا فیصلہ تین سیٹس میں ہوا۔ ولیمز نے آذارینکا کو سات پانچ، چھ سات، (چھ) چھ ایک سے شکست دی۔
یہ میچ پونے تین گھنٹے جاری رہا۔ یوں 1980ء میں ٹائم ریکارڈ کیے جانے کے بعد سے یہ خواتین کے فائنل کا طویل ترین مقابلہ بن گیا ہے۔ یو ایس اوپن چیمپئن شپ میں سیرینا ولیمز کی یہ پانچویں فتح ہے جبکہ مجموعی طور پر یہ ان کا 17واں گرینڈ سلیم ٹائٹل ہے۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق اتوار کا فائنل گزشتہ دو ہفتوں کے میچز کے مقابلے میں سیرینا کے لیے کافی سخت رہا ہے۔ گزشتہ چھ مقابلوں میں سیرینا آسانی سے آگے بڑھتی رہی ہیں لیکن فائنل میں انہیں آذارینکا کی زور دار پرفارمنس نے خاصا پریشان کیا۔ میچ کے وقت تیز ہوا بھی چل رہی تھی۔ ایک موقع پر تو انہوں نے یہ تک کہہ دیا: ’’میں اس ہوا میں نہیں کھیل سکتی۔‘‘
کِم کلسٹرز کی 2009-10ء کی لگاتار کامیابیوں کے بعد ولیمز اس ٹائٹل کا مسلسل دفاع کرنے والی پہلی کھلاڑی ہیں۔ اکتیس سالہ سیرینا ولیمز آذارینکا کے خلاف گزشتہ تین میں سے دو مقابلوں میں شکست کا سامنا کر چکی ہیں۔
گزشتہ برس بھی یو ایس اوپن کا فائنل سیرینا ولیمز اور وکٹوریا آذارینکا کے درمیان ہی ہوا تھا۔ اس میچ کا فیصلہ بھی تین سیٹس میں ہی ہوا تھا۔
اتوار کے اس میچ کے بعد سیرینا ولیمز کا کہنا تھا: ’’کیا ہی زبردست مقابلہ تھا اور کتنی زبردست شخصیت کے خلاف تھا۔ وِکی ایک عظیم حریف ہے اور ہمت سے مقابلہ کرتی ہے۔ اس نے میچ کو آخر تک زندہ رکھا۔‘‘
آذارینکا کا کہنا تھا کہ انہیں ایک بہترین کھلاڑی نے مات دی ہے۔
یو ایس اوپن میں مردوں کا فائنل پیر کو ٹاپ سیڈ نوواک جوکووچ اور نمبر ٹو رافائل نادال کے درمیان ہوگا۔ دونوں نے ہفتے کو سیمی فائنل مقابلوں میں فتح کے نتیجے میں فائنل میں جگہ بنائی۔
جوکووچ نے سیمی فائنل کے ایک مقابلے میں اسٹانسیلاس واورینکا کو مات دی جبکہ نادال نے رچرڈ گیسکیئٹ کو پچھاڑا۔ جوکووچ اور نادال تیسری مرتبہ اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں مدِمقابل ہوں گے۔ جوکووچ مسلسل چوتھی مرتبہ یو ایس اوپن کے فائنل میں پہنچے ہیں۔ وہ نادال کے خلاف 37واں میچ کھیلیں گے۔