یو ایس اوپن، سرینا ولیمز کی تاریخی جیت
8 ستمبر 2014عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز نے نیو یارک میں کھیلے گئے یو ایس اوپن کے فائنل میچ میں اپنی حریف کو ایک آسان مقابلے کے بعد چھ تین اور چھ تین سے مات دی۔ یوں وہ مجموعی طور پر چھٹی اور مسلسل تیسری مرتبہ یو ایس اوپن جیتنے میں کامیاب ہو گئیں۔
اس کامیابی کے ساتھ ہی بتیس سالہ ولیمز نے مارٹٰینا ناوراٹیلووَا اور کرس ایورٹ کی طرف سے خواتین کے سنگلز مقابلوں میں اٹھارہ مرتبہ گرینڈ سلیم جیتنے کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا ہے۔
میچ کے بعد سرینا ولیمز نے جذباتی انداز میں کہا، ’’میں نے یہ کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں، سرینا ولیمز، اس گروپ میں شامل ہو جاؤں گی۔ میں ہوں کیا آخر؟ میرے خواب وخیال میں بھی نہ تھا کہ آپ مجھے عظیم اور لیجنڈ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کر لیں گے۔‘‘
سرینا ولیمز نے پہلی مرتبہ 1999ء میں پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتا تھا۔ جب انہوں نے اس وقت یو ایس اوپن میں کامیابی حاصل کی تھی تو ان کی عمر صرف سترہ برس تھی۔ بعد ازں انہوں نے 2002ء ، 2008ء، 2012ء اور2013 ء میں بھی یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔ رواں برس وہ کوئی گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے میں ناکام رہی تھیں تاہم اس سال آخری اہم ٹورنامنٹ یعنی یو ایس اوپن میں ایک تاریخ رقم کرنے میں کامیاب ہو گئیں۔
سرینا ولیمز کا کہنا ہے کہ وہ اب 19 واں گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے کی متمنی ہیں۔ سرینا ولیمز کی ہم وطن ہیلن ولِس موڈی انیس مرتبہ گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے کا اعزاز رکھتی ہیں جبکہ سب سے زیادہ ٹائٹلز آسٹریلوی کھلاڑی مارگریٹ کورٹ نے اپنے نام کیے ہیں، جن کی تعداد چوبیس بنتی ہے اور دوسرے نمبر پر بائیس ٹائٹل جیتنے والی سابق جرمن ٹینس اسٹار اسٹیفی گراف ہیں۔
سابقہ نمبر ایک کیرولین ووزنیاکی ابھی تک کوئی گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ اس سے قبل 2009ء میں انہیں یو ایس اوپن کے فائنل میں کِم کلائسٹر نے شکست سے دوچار کیا تھا۔ اس وقت ان کی عمر انیس برس تھی۔
کیرولین ووزنیاکی نے اتوار کی شکست کے بعد کہا، ’’سرینا، آپ اس ٹائٹل کی حق دار تھیں۔ آپ آج مجھ سے بہتر انداز میں کھیلی ہیں اور آپ چیمپئن بننے کی حق دار تھیں۔‘‘ انہوں نے ولیمز کی تعریف کرتے ہوئے مزید کہا، ’’ آپ (سرینا ولیمز) کورٹ میں اور کورٹ سے باہر بھی میرے لیے ایک مثالیہ ہیں۔ آپ ایک غیر معمولی چیمپئن اور بہترین دوست ہیں۔ آج رات کی پارٹی میں آپ میزبان ہوں گی۔‘‘
یو ایس اوپن میں سنگلز مردوں کا فائنل آج بروز پیر عالمی نمبر دس جاپانی ٹینس کھلاڑی کی نشیکوری اور کروشیا سے تعلق رکھنے والے عالمی نمبر چودہ مارین چِیلیچ کے مابین کھیلا جائے گا۔ یہ امر اہم ہے کہ چوبیس سالہ نشیکوری پہلے ایشیائی کھلاڑی ہیں، جو یوکسی گرینڈ سلیم کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے سیمی فائنل میں ومبلڈن چیمپین نوواک جوکووچ کو شکست دی تھی۔