یوکرین پر تازہ روسی حملے، کم ازکم چودہ افراد ہلاک
8 مارچ 2025یوکرینی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک کے مشرقی شہر ڈوبروپیلیا پر روسی میزائل اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں کم ازکم پانچ بچوں سمیت کم از کم 11 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہو گئے۔
وزارت نے مزید کہا کہ شمال مشرق میں خارکیف کے علاقے پر ڈرون حملے میں مزید تین شہری مارے گئے۔
یوکرینی وزارت داخلہ کے ہفتے کے روز جاری کیے گئے بیان کے مطابق روسی افواج نے ڈوبروپیلیا پر بیلسٹک میزائلوں، متعدد راکٹوں اور ڈرونز سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کثیر المنزلہ آٹھ عمارتوں اور 30 کاروں کو نقصان پہنچا۔ وزارت نے ٹیلی گرام میسنجر پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا، ''آگ بجھانے کے دوران، قابضین(روس) نے دوبارہ حملہ کیا، جس سے آگ بجھانے والے ٹرک کو نقصان پہنچا۔‘‘
وزارت نے جزوی طور پر تباہ شدہ عمارتوں کی تصاویر بھی شائع کیں، جو آگ کی لپیٹ میں دیکھی جا سکتی ہیں جبکہ چند دیگر تصاویر میں امدادی کارکنوں کو عمارتوں سے ملبہ ہٹاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ یوکرین میں جنگ کے آغاز سے قبل ڈوبروپیلیا کی آبادی تقریباً 28,000 تھی۔
یہ شہر مشرقی یوکرین کے ڈونیٹسک کے علاقے میں ہے، جو پوکرسک شہر کے مرکز کے شمال میں اس فرنٹ لائن سے 22 کلومیٹر (13.67 میل) دور ہے، جس پر روسی فوجی ہفتوں سے حملے کر رہے ہیں۔
وزارت نے یہ بھی کہا کہ خارکیف کے علاقے میں جمعے کی رات گئے ایک الگ روسی ڈرون حملے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور سات زخمی ہوئے۔
یوکرینی فوج کے مطابق روس نے اس حملے میں دو اسکندر۔ ایم بیلسٹک میزائل اور ایک اسکندر۔کے کروز میزائل کے ساتھ ساتھ 145 ڈرون استعمال کیے گئے۔ یوکرینی فوج کے مطابق اس کی فضائیہ نے ایک کروز میزائل اور 79 ڈرون طیاروں کو مار گرایا۔ فوج نے کہا کہ الیکٹرانک جوابی اقدامات کی وجہ سے مزید 54 ڈرونز ممکنہ طور پر اپنے ہدف تک نہیں پہنچ سکے۔
ش ر ⁄ ع ب (روئٹرز)