یورپ کے دلفریب ساحلی علاقے
ساحلی علاقوں پرتعطیلات کے لیے یہ بہترین موسم ہے۔ آج ہم متعارف کروائیں گے یورپ کے 10 بہترین ساحل جو سیاحوں کے لیے بہترین انتخاب ہو سکتے ہیں۔
سانکٹ پیٹر۔ اورڈنگ، جرمنی
شمالی سمندر کا کوئی دوسرا ساحل سانکٹ پیٹر اورڈنگ جیسا نہیں ہو سکتا۔ 12 کلومیٹرطویل اور 2 کلومیٹر کشادہ اس ساحل پر کرسیوں کے لیے کافی جگہ، جو تیز لہروں کے باوجود گیلی بھی نہیں ہوتیں اور اپنی جگہ پر بھی موجود رہتی ہیں۔ جو لوگ ساحل پر ٹہلنے کے ساتھ ساتھ تفریحی سرگرمیوں کی تلاش میں رہتے ہیں، وہ یہاں جہاز رانی، ونڈ سرفنگ یا کائٹ سرفنگ سے بھی لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
فش لینڈ ڈارس، جرمنی
جرمن بالٹک ساحلی پٹی پر کئی خوبصورت اور آنکھوں سے اوجھل ساحل ہیں۔ فش لینڈ ڈارس کا مغربی ساحل بھی انہی میں سے ایک ہے۔ یہ فطرت سے قربت رکھنے والوں کے لیے سب سے خوبصورت جگہوں میں سے ایک ہے۔ اس حسین ساحل پر جب موسم رنگ بدلتا ہے تو صنوبر کے درخت بالکل کھجور کے درختوں کی طرح نظر آتے ہیں۔
پلایا ایس ٹرینک، مایورکا، اسپین
مایورکا ساحل گرمیوں کی چھٹیاں منانے کے لیے بہترین جگہ ہے۔ دارالحکومت لا پالما سے 45 منٹ کی مسافت پر ایس ٹرینک کا شفاف پانی والا یہ ساحل مدہم ردہم میں بہتا ہے۔ مایورکا کا یہ وہ آخری ساحل ہے، جو اب تک مکمل طورسیاحوں کے لیے تیار نہیں ہے۔ ایس ٹرینک کی ریتیلی سر زمین ٹیلوں سے مزین ہے جسے ماحولیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر تعمیری کام کے دوران تبدیل نہیں کیا گیا۔
لیسکالے، فرانس
اطالوی رویرا بہت آسانی سے فرانسیسی ساحلی پٹی میں ضم ہو جاتا ہے۔ سمندروں کا یہ ملاپ کوٹ دی ایزورکے نام سے جانا جاتا ہے۔ کن اور نیس کے گلیمرس ساحلوں کے ساتھ ایک طویل پٹی موجود ہے۔ ان میں سے بہت سے صرف پیدل یا کشتی کے ذریعے قابل رسائی ہیں۔ سان تروپے کے قریب لیسکالے کا یہ ساحل بے حد مقبول ہے۔
ایلافونیسی، کریٹے، یونان
یونان میں جزیروں کی تعداد تین ہزار سے زائد ہے۔ ان ساحلوں میں سب سے بڑا کریٹے ہے، جہاں ہر سال 4 ملین سے زیادہ سیاحوں چھٹیاں منانے آتے ہیں۔ چمکتی ریت کے حامل یہ متعدد ساحلی علاقے سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہیں۔
پرایا دو مارینہ، پرتگال
ایلگاروے کا اس ساحل پر لہریں سرفرز کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہیں۔ یہ ساحلی پٹی انتہائی قدیم ہے اور اس کے آس پاس جنگل بھی موجود ہیں۔ اطراف میں 30 میٹر اونچی چٹانوں کی وجہ سے پرایا دو مارینہ کو پرتگال کے خوبصورت ترین ساحلوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ یہاں میراڈورا کے مقام سے اس وسیع ساحل کے منظر سے لطف اٹھایا جا سکتا ہے۔
پوڈریسے بیچ، بریلا، کروشیا
کروشیا جرمن باشندوں کے لیے چھٹیاں منانے کی ایک پرکشش منزل ہے کیونکہ بحیرہ ایڈریاٹک پر واقع یہ ملک زمینی طور پر قابل رسائی ہے۔ بریلا کے ساحل سیاحوں میں ہر دل عزیز ہے کیونکہ وہ کروشیا میں خوبصورتی کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہے۔
ژین ٹین، جرمنی
یہ جنوبی سمندر دراصل جرمنی سے بہت دور ہے، لیکن اس کا ڈسلڈورف شہر کے شمال میں ژین ٹین نامی علاقے سے بھی رابطہ ہے کیونکہ یہاں تیراکی کے لیے ایک علاقہ موجود ہے، جسے جنوبی ژین ٹین دریا کہا جاتا ہے، یہ تیراکی کے لیے ایک قدرتی علاقہ ہے۔ یہاں ایک ڈائیونگ ٹاور اور ایک ریستوراں بھی ہے۔
سان سیباستیان، اسپین
کچھ بڑے شہروں کے رہائشیوں اور سیاحوں کے لیے شہر کے ساحلی علاقے تفریح کا ایک بہت بڑا ذریعہ ہوتے ہیں۔ سفید ریت کا یہ ساحل سان سیباستیان لوگوں کی اس بنیادی ضرورت کو پورا کرتی ہے۔ اس علاقے کا موسم عام طور پر چھٹیوں کے لیے موزوں ہوتا ہے۔
کامولیی، اٹلی
ان لوگوں کے لیے جو ساحل سمندر کی چھٹیوں پر ڈولچے ویٹا یعنی اچھی زندگی سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں تو اٹلی کا لیگوریانی ساحلی علاقہ اس مقصد کے لیے ایک بہترین جگہ ہے۔ یہاں کی سب سے مشہور جگہیں پورٹوفینو، چنکیوتیرے یا سان ریمو ہیں۔ یہ ساحل اطالوی رویرا کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں۔