یورپ، شمالی امریکا اور مشرق وسطیٰ میں آج عید الفِطر
8 اگست 2013
جرمنی، فرانس، برطانیہ اور یورپ کے بعض دیگر ملکوں سمیت مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ اور شمالی امریکا میں مسلمانوں نے آج جمعرات کے روز عیدالفطر منائی جب کہ پاکستان سمیت جنوبی ایشیا میں ممکنہ طور پر کل بروز جمعہ عیدالفطر منائی جائے گی۔
جرمنی میں مسلم برادری کا ايک بڑا حصہ ترک نژاد باشندوں پر مبنی ہے۔ یورپ کے متعدد ممالک اور شمالی امریکا میں مسلمانوں نے رمضان کے تیس روزے مکمل کیے جب کہ متعدد مسلمان برادریوں نے ماہِ رمضان کے سلسلے میں سعودی نظام الاوقات کی پابندی کی اور انہوں نے 29 روزے مکمل کیے اور جمعرات کو سعودی عرب کے ساتھ ہی عید منائی۔
پاکستان میں عید امکاناً جمعے کے روز ہے۔ سارے پاکستان نے ایک ہی دن سے رمضان کا آغاز کیا تھا۔ خیبر پختونخواہ کی صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ عیدالفطر بھی سارے ملک کے ساتھ ہی منائی جائے۔ بھارت اور بنگلہ دیش میں بھی رمضان کا آغاز پاکستان کے ساتھ ہوا تھا اور امکان ہے کہ جمعے کے روز ان دونوں ملکوں میں عید منائی جائے گی۔ تاہم ایشیا کے متعدد دیگر ممالک میں عیدالفطر آج جمعرات کے روز منائی گئی۔
اسلامی ممالک میں انڈونیشیا ان ملکوں میں شامل تھا، جہاں وقت کے اعتبار سے سب سے پہلے عید کے تہوار کا آغاز ہوا، تاہم انڈونیشا میں متعدد بدھ مندروں میں حال ہی میں ہونے والے حملوں کے سبب انڈونیشیا میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ ملائیشیا میں بھی آج مسلمانوں نے عیدالفطر منائی۔ اس موقع پر ملائیشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق نے عوام سے یکجہتی کی اپیل کی۔
جس طرح پاکستان میں عیدالفطر کو میٹھی عید کہا جاتا ہے، اسی طرح جرمنی میں اس عید کو سُکر فیسٹ (Zuckerfest) کہا جاتا ہے۔ جرمن زبان میں سُکر کا معنی میٹھا ہے اور فیسٹ تہوار کو کہا جاتا ہے۔
گوآنتانامو بے کی جیل میں مقید مسلمان قیدیوں کے لیے امریکی فوج کی جانب سے رمضان کے آخری روزے اور عید کی مناسبت سے خصوصی افطاری کا انتظام کیا گیا۔ فوج کی جانب سے مسلمان قیدیوں کو چھوٹا گوشت، روٹی، کھجوریں اور شہد دیا گیا۔ اس کے بعد اگلے تین دن خصوصی روایتی ڈنر بھی دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ عیدالفطر کے موقع پر نمازِ عید کے لیے اضافی ایک گھنٹہ دیا جائے گا۔ جیل کے ترجمان نیوی کیپٹن رابرٹ ڈیورنڈ کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ رمضان ماضی کے مقابلے میں زیادہ پرسکون رہا۔