ہنگری کے لیے یورپی یونین کی رقوم منجمد کرنے کی تجویز
22 فروری 2012برسلز سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق ان مالی وسائل کی مالیت 495 ملین یورو یا قریب 655 ملین امریکی ڈالر کے برابر بنتی ہے۔
برسلز میں یورپی یونین کے صدر دفاتر میں یورپی کمیشن کی طرف سے آج بدھ کے روز بتایا گیا کہ پروگرام کے مطابق یہ رقوم ہنگری کو اگلے سال مہیا کی جانا تھیں۔ لیکن اب یورپی کمیشن نے یونین کی طرف سے ان رقوم کی بوڈاپسٹ کو آئندہ فراہمی روک دینے کا جو مشورہ دیا ہے، وہ اس بلاک میں اپنی نوعیت کا اولین اقدام ہے۔
برسلز سے خبر ایجنسی اے ایف نے اپنی رپورٹوں میں بتایا ہے کہ یورپی کمیشن نے ہنگری کے بارے میں مالیاتی حوالے سے اپنی نوعیت کا جو فیصلہ پہلی مرتبہ کیا ہے، اس کا سبب یہ ہے کہ برسلز کی بوڈاپسٹ کو بار بار کی تنبیہات کے باوجود اس مشرقی یورپی ملک میں حکومت ریاستی بجٹ میں بہت زیادہ خسارے کو کم کرنے میں ناکام رہی ہے۔
یونین کی طرف سے ہنگری کو یہ مالی وسائل اس لیے مہیا کیے جانا تھے کہ اس 27 رکنی بلاک میں مختلف ملکوں کے درمیان اقتصادی خلیج کو کم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ترقیاتی عمل میں بوڈاپسٹ کا ہاتھ بٹایا جائے۔ یہ رقوم ایک ایسے یورپی فنڈ سے مہیا کی جانا تھیں جو Cohesion فنڈ کہلاتا ہے۔
لیکن یورپی کمیشن کے جاری کردہ ایک بیان میں آج کہا گیا اب جو رقوم منجمد کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے، ان کی ہنگری کو فراہمی اگلے سال یکم جنوری سے شروع ہونا تھی اور یہ رقوم یونین کی طرف سے ہنگری کے لیے 2013ء میں ادائیگی کے لیے مختص کردہ مالی وسائل کا 29 فیصد بنتی ہیں۔
یورپی یونین کی یورپی کمیشن کہلانے والی انتظامیہ پچھلے مہینے اس نتیجے پر پہنچی تھی کہ اپنے ہاں اقتصادی ترقی کو دیرپا بنیادوں پر استوار کرنے کے سلسلے میں بوڈاپسٹ حکومت سن 2011 تک ملکی بجٹ میں خسارے کو کم کر کے مجموعی قومی پیداوار کے زیادہ سے زیادہ تین فیصد تک کی شرح تک لانے میں کامیاب نہ ہوئی اور نہ ہی اس نے اس سلسلے میں کوئی مؤثر اقدامات کیے۔ لہٰذا آج بدھ کو یورپی کمیشن کی طرف سے ہنگری کو اگلے سال کے لیے مختص رقوم کی فراہمی مجمد کر دینے کی تجویز پیش کر دی گئی۔
یورپی کمیشن کے مطابق اب یہ کام بوڈاپسٹ حکومت کا ہے کہ وہ اس فیصلے پر عملدرآمد سے قبل کیا اقدامات کرتی ہے تاکہ یورپی یونین کی ان رقوم کی فراہمی کی معطلی کو روکا جا سکے۔
رپورٹ: عصمت جبیں
ادارت: مقبول ملک