گوگل میپس پر خلیج میکسیکو کو خلیج امریکہ کر دیا جائے گا
28 جنوری 2025گوگل نے منگل کے روز اعلان کیا کہ جیسے ہی یہ تبدیلی امریکی جغرافیائی ناموں کے نظام میں سرکاری طور پر اپڈیٹ ہو جائے گی، گوگل میپس پر امریکہ کے صارفین کے لیے گلف آف میکسیکو کو گلف آف امریکہ کے طور پر دکھایا جائے گا۔
گوگل میپس کی مالک اور آپریٹر کمپنی گوگل کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں کہا گیا یے، '' گوگل کی یہ ایک دیرینہ روایت ہے کہ سرکاری حکومتی ذرائع میں نام کی تبدیلی ہونے پر وہ اپنے ہاں اپڈیٹ کرتی ہے۔‘‘
گوگل کے مطابق یہ تبدیلی صرف امریکہ کے صارفین کو نظر آئے گی اور میکسیکو میں اسے بدستورگلف آف میکسیکو ہی دکھایا جاتا رہے گا جبکہ امریکہ اور میکسیکو سے باہر کے صارفین کوگوگل میپس پر دونوں نام دکھائے جائیں گے۔
گلف آف میکسیکو کا نام تبدیل کر دیا گیا ہے، امریکی محکمہ داخلہ
امریکی محکمہ داخلہ نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ اس نےگلف آف میکسیکو کا نام سرکاری طور پر گلف آف امریکہ رکھ دیا ہے۔
محکمہ نے کہا کہ امریکی بورڈ برائے جغرافیائی نام ان ناموں کو جغرافیائی ناموں کے معلوماتی نظام میں اپڈیٹ کرنے پر کام کر رہا ہے۔
وفاقی حکام نے یہ بھی اعلان کیا کہ شمالی امریکہ کی سب سے بلند چوٹی، الاسکا کی ڈینالی، کا نام واپس ماؤنٹ میک کنلے کر دیا گیا ہے۔
شمالی امریکہ کی سب سے بلند پہاڑی چوٹی کے نام کے حوالے سے کئی سالوں سے بحث جاری تھی، اور اوباما انتظامیہ نے 2015 میں اسے سرکاری طور پر ڈینالی کہنے کا فیصلہ کیا تھا، جو کہ مقامی قبائل کے ذریعے استعمال ہونے والا نام تھا۔
گوگل نے اعلان کیا کہ وہ گوگل میپس پر ڈینالی کا نام واپس ماؤنٹ میک کنلے میں تبدیل کرے گا۔
خلیج میکسیکو کو خلیج امریکہ کرنے کا ٹرمپ کا اعلان
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 20 جنوری کو عہدہ سنبھالنے کے چند گھنٹوں بعد کئی ایگزیکٹو آرڈرز کے تحت ان ناموں کی تبدیلی کا حکم دیا۔
میکسیکو کی صدرکلاؤڈیا شین باؤم نے اس ماہ کے اوائل میں طنزاﹰ تجویز دی تھی کہ شمالی امریکہ، جس میں امریکہ بھی شامل ہے، کا نام ''میکسیکن امریکہ‘‘ رکھا جائے۔
ع ت، ک م (روشن ماجومدار)