کوڈاک کی جانب سے دیوالیہ پن کی درخواست
20 جنوری 2012کوڈاک کمپنی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ان کاغذات کے جمع کرانے کے باوجود وہ اپنی کاروباری مصروفیات جاری رکھے گی۔ کوڈاک کے مطابق اسے ایک بلین ڈالر بطور قرض فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔
اس ادارے کا شمار فوٹوگرافی کی صنعت کی انتہائی قابل اعتماد کمپنیوں میں ہوتا ہے۔ 130 سال پرانی اس کمپنی کے دنیا بھر میں ملازمین کی تعداد 19 ہزار سے زائد ہے۔
حالیہ چند برسوں کے دوران صرف سن 2007 ہی ایسا سال تھا جب کوڈاک کمپنی منافع حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔ یہ وہ وقت تھا جب کمپنی نے خود کو ڈیجیٹل طرز پر ڈھالنے کے لیے بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کیں اور پرانی فیکٹریوں کو ختم کر دیا گیا تھا۔ سن 2007 میں کوڈاک کو 676 ملین ڈالر کا منافع ہوا تھا۔
سن دو ہزار بارہ کے شروع تک کمپنی بالکل دیوالیہ ہو چکی تھی۔ جہاں کمپنی کے شیئرز کی فی کس قیمت 1997ء میں 94 ڈالر تھی، وہاں اس مہینے کی چھ تاریخ تک یہی قیمت صرف 37 سینٹ تک گر چکی تھی۔
گزشتہ ہفتے کوڈاک کے تین بورڈ ممبرز نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ وہ اخراجات میں کمی کی غرض سے اپنے کاروباری ڈھانچے میں سادگی لانے کے علاوہ خود کو ڈیجیٹل خطوط پر آراستہ کرنے کا عمل جاری رکھے گی۔
کوڈاک کی بنیاد 1880ء میں رکھی گئی تھی۔ کوڈاک نے اٹھارہ سو اٹھاسی میں ’فلیکسبل رول فلم‘ کو متعارف کروا کے فوٹوگرافی کی صنعت میں انقلاب برپا کر دیا تھا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق کوڈاک کمپنی سے لوگوں کو جذباتی لگاؤ ہے، اسی لیے اس تاریخ ساز کمپنی کے دیوالیے سے لوگوں کو بے حد مایوسی ہوئی ہے۔
رپورٹ: شامل شمس ⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: مقبول ملک