ڈورٹمنڈ نے گروئتھر فیورتھ کو ’دھو ڈالا‘
14 اپریل 2013ہفتے کو اس میچ ڈے کے دوسرے روز دونوں ٹیمیں دِن کے چوتھے مقابلے کے لیے میدان میں اتریں۔ ڈورٹمنڈ کے کھلاڑیوں نے گروئتھر فیورتھ کے دفاع کے پرخچے اڑاتے ہوئے چھ گول داغے۔ فیورتھ کی ٹیم محض ایک گول ہی کر پائی۔
اس میچ ڈے کے دوسرے روز پہلا مقابلہ بائرن میونخ اور نیورمبرگ کے درمیان ہوا۔ یہ بھی یکطرفہ مقابلہ ثابت ہوا۔ نیورمبرگ کی ٹیم کوئی گول نہ کر پائی جبکہ بائرن نے چار گول کیے۔
ہیمبرگ نے مائنزکو دو ایک سے شکست دی۔ ہفتے کو ہونے والے تین میچ نہ صرف برابر رہے بلکہ یکساں طور پر بے نتیجہ رہے۔ یعنی ان مقابلوں میں شامل ہر ٹیم نے دو دو گول کیے۔ ان میں ایک مقابلہ وولفس برگ اور ہوفن ہائم کے درمیان تھا، دوسرا ڈسلڈورف اور بریمن کے درمیان اور تیسرا لیور کوزن اور شالکے کے درمیان ہوا۔
اس میچ ڈے کا آغاز حسب معمول جمعے کو ہوا تھا۔ اس کے آغاز پر ایک میچ کھیلا گیا، جس میں فرائی برگ نے ہینوور کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔
آج اس میچ ڈے کے دو آخری مقابلے اشٹٹ گارٹ اور مؤنشن گلاڈ باخ اور آؤگس برگ اور آئنتراخت فرینکفرٹ کے درمیان ہوں گے۔
پوائنٹس ٹیبل
بنڈس لیگا کے رواں سیزن میں پہلی پوزیشن کا تعین پہلے ہی ہو چکا ہے، جو بائرن میونخ کو حاصل ہو چکی ہے۔ چونکہ سیزن کے میچ جاری ہیں اس لیے دیگر پوزیشنوں میں تبدیلی کے امکانات موجود ہیں جبکہ ہر جیت کے ساتھ بائرن میونخ کے پوائنٹس بھی بڑھتے جا رہے ہیں جو اس ہفتے 78 ہو گئے ہیں۔
اس ہفتے کی جیت سے دوسرے نمبر کی ٹیم ڈورٹمنڈ کے پوائنٹس 58 ہو گئے ہیں۔ تیسرے نمبر کی ٹیم شالکے کے پوائنٹس 50 ہیں۔
شالکے، فرائی برگ، آئنتراخت فرینکفرٹ اور مؤنشن گلاڈ باخ بدستور چوتھے، پانچویں، چھٹے اور ساتویں نمبروں پر ہیں اور ان کے پوائنٹس بالترتیب 46، 45، 42 اور 41 ہیں۔
ہیمبرگ بھی 41 پوائنٹس کے ساتھ اس مرتبہ آٹھویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ مائنز، ہینوور اور نیورمبرگ نے اپنی گزشتہ ہفتے کی پوزیشنیں کھو دیں اور اس مرتبہ بالترتیب نویں، دسویں اور گیارہویں نمبر پر لڑھک گئی ہیں۔
اس کے ساتھ ہی آؤگس برگ بھی اس ہفتے سولہویں پوزیشن سے سترھویں پوزیشن پر جا گِری ہے جبکہ ہوفن ہائیم ایک قدم اُوپر سولہویں پوزیشن پر جا پہنچی ہے۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: عاطف بلوچ