چیمپیئنز ٹرافی: بھارت کی جیت، پاکستان آج کھیلے گا
7 جون 2013انگلینڈ میں کھیلی جانے والی چیمپیئنز ٹرافی کے گروپ بی میں شامل پاکستانی کرکٹ ٹیم آج بروز جمعہ اوول میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے خلاف میدان میں اتر رہی ہے۔ 2004ء میں اس ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم ویسٹ انڈیز کو پاکستان نے آئی سی سی کے ٹورنامنٹس کے گزشتہ دو میچوں میں شکست دے رکھی ہے۔
آئی سی سی کی طرف سے منعقد کیے گئے ٹورنامنٹس کے دوران مجموعی طور پر یہ ٹیمیں بارہ مرتبہ آمنے سامنے آئی ہیں، جن میں سے آٹھ مرتبہ ویسٹ انڈیز فاتح رہی ہے جبکہ چار مرتبہ پاکستان کو کامیابی ملی ہے۔ پاکستان کی ٹیم ابھی تک 1998ء میں شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔
افتتاحی میچ میں بھارت کامیاب
جمعرات کے دن کارڈف میں کھیلے گئے چیمپیئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو ہرا دیا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم 332 رنز کے تعاقب میں 305 رنز ہی بنا سکی۔ جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈویلئرز نے ٹاس جیت کر بھارتی ٹیم کو بلے بازی کی دعوت دی۔
بھارتی اوپنرز شیکھر دھاون اور روہت شرما نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 127 رنز بنا کر مڈل آرڈر کو ایک مضبوط بنیاد فراہم کی۔ روہت شرما 65 کے انفرادی اسکور پر اکیسویں اوور میں میکلارن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ دھاون نے انتہائی جارحانہ اننگز کھیلی اور 114 رنز بنائے۔ کھیل کا بہترین کھلاڑی دھاون کو ہی قرار دیا گیا۔
بھارتی ٹیم کی طرف سے دیگر نمایاں بلے بازوں میں ویرات کوہلی، کپتان ایم ایس دھونی اور رویندرجدیجہ رہے۔ انہوں نے بالترتیب 31، 27 اور47 رنز بنائے۔ جدیجہ نے ایک انتہائی اہم وقت میں انتیس گیندوں پر سینتالیس رنز بنا کر بھارت کا مجموعی اسکور 331 تک پہنچا دیا۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے میکلارن نے تین جبکہ ٹوسوبے نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جنوبی افریقہ کے نمایاں فاسٹ بولر ڈیل سٹین انجری کے باعث اس میچ میں شرکت نہ کر سکے۔ ناقدین کے بقول ان کی عدم موجودگی کی وجہ سے اس میچ میں جنوبی افریقہ کا بولنگ اٹیک کچھ ماند سا پڑ گیا تھا۔
جنوبی افریقہ نے جب اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر انِگرم تیسرے اوور میں ہی آؤٹ ہو گئے۔ جس کے بعد ہاشم املہ بھی 22 رنز بنا کر جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ بعد ازاں ڈویلئرز اور پیٹرس نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 124 رنز بنا کر ٹیم کو کچھ سنبھالا دیا لیکن ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد بھارتی سپن بولر دیگر کھلاڑیوں کو دباؤ میں لے آئے۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 70، 68 رنز بنائے۔
میکلارن نے بھارتی بولروں کے آگے مزاحمت دکھائی اور انفرادی طور پر 71 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ لیکن دوسرے اینڈ سے وکٹوں کے گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور یوں جنوبی افریقہ کی ٹیم 305 رنز بنا کر آل آوٹ ہو گئی۔ بھارت کی طرف سے بھونیشور کمار، امیش یادوَ، اشانت شرما اور رویندر جدیجہ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
(ab/aba(AFP