چیمپئنز لیگ: ڈورٹمنڈ اور شالکے کی جیت
25 اکتوبر 2012چیمپئنز لیگ کے گروپ ڈی کے مقابلے میں جرمن فٹ بال کلب بورسیا ڈورٹمنڈ کا سامنا رئیل میڈرڈ سے ہوا۔ ڈورٹمنڈ نے یہ میچ ایک کے مقابلے میں دو گول سے جیت لیا۔
ڈورٹمنڈ کے لیے پہلا گول رابرٹ لیوانڈوسکی نے کھیل کے چھتیسویں منٹ میں کیا، تاہم میڈرڈ کے کرسٹیانو رونالڈو نے اس کے دو منٹ میں ہی کھیل برابر کر دیا۔
اس کے بعد ڈورٹمنڈ کے مارسیل شمیلسر نے چونسٹھویں منٹ میں اپنی ٹیم کے لیے دوسرا گول کیا، جو فیصلہ کُن ثابت ہوا جس کے بعد میڈرڈ کے کھلاڑی کھیل برابر کرنے میں ناکام رہے۔
بعدازاں شمیلسر کا کہنا تھا کہ یہ کسی خواب کے سچ ہونے کی مانند ہے۔ ان کا کہنا تھا: ’’رئیل میڈرڈ کے خلاف کھیلنا اور پھر اس کے خلاف گول کرنا ہر کھلاڑی کا خواب ہو گا۔‘‘
ان کا مزید کہنا تھا: ’’میرا خیال ہے کہ ہم نے اپنے ناقدین کو دکھا دیا ہے کہ وہ غلط ہیں، جو کہتے ہیں کہ ہم بین الاقوامی فٹ بال کھیلنے کے قابل نہیں ہیں۔
رئیل میڈرڈ کے کوچ ہوزے مورینہو کا کہنا تھا کہ ڈورٹمنڈ مضبوط حریف ٹیم تھی اور وہ یہ بات جانتے تھے۔ انہوں نے کہا: ’’ان میں بہت سی صلاحیتیں ہیں۔ وہ بہت منظم ہیں اور دفاع میں پکّے ہیں۔‘‘
گروپ ڈی کے ہی ایک اور میچ میں میڈرڈ کی طرح مانچسٹر سٹی کو بھی دھچکا لگا۔ بدھ کو اسے Ajax ایمسٹرڈیم کےہاتھوں تین ایک سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس گروپ میں اب سات پوائنٹس کے ساتھ ڈورٹمنڈ کی ٹیم سر فہرست ہے۔ دوسرے نمبر پر چھ پوائنٹس کے ساتھ رئیل میڈرڈ کی ٹیم ہے۔ ایمسٹرڈیم کی ٹیم تین پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ مانچسٹر سٹی کو صرف ایک پوائنٹ حاصل ہے۔
بدھ کو ہی گروپ بی کے ایک مقابلے میں جرمن کلب شالکے نے ارسنال کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔
اسی گروپ میں اولمپیاکوس پیریئس نے ماؤنٹ پیلیئر کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے مات دی۔
اس گروپ میں سات پوائنٹس کے ساتھ شالکے سرفہرست ہے۔ چھ پوائنٹس کے ساتھ ارسنال دوسرے نمبر پر ہے۔
گروپ سی کے ایک مقابلے میں اسپین کے کلب مالاگا نے اے سی میلان کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی ہے۔
ng/at (dpa)