چیمپئنز لیگ میں جرمن کلبوں کا شاندار آغاز
20 ستمبر 2012جرمن اسٹار فٹ بالر باستیان شوائن شٹائیگر نے میونخ کے لیے پہلا گول کھیل کے اڑتیسویں منٹ میں کیا جبکہ جرمن قومی فٹ بال ٹیم کی نمائندگی کرنے والے ایک اور کھلاڑی ٹونی کروس نے 76 ویں منٹ میں ایک اور گول کر کے میونخ کو دو صفر سے برتری دلا دی۔
کھیل کے آغاز پر ہی جرمن کلب نے اپنی گرفت مضبوط کر لی اور ویلینسیاکے گول پوسٹ پر کئی تابڑ توڑ حملے کیے لیکن ہسپانوی کلب کے اچھے دفاع کی وجہ سے ابتدائی کھیل میں گول نہ ہوسکا۔ میونخ کی نمائندگی کرنے والے فرانسیسی فٹ بالر فرانک ریبیری اور ہالینڈ کے اسٹرائیکر روبن کے علاوہ شوائن شٹائیگر اور ٹونی کروس کو گول کرنے کے کئی مواقع ملے لیکن وہ ان سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔ ناقدین کے بقول میونخ یہ میچ ایک بڑی برتری سے جیت سکتا تھا۔
گروپ ایف کے اس میچ میں جرمن کلب میں کھیلنے والے کروشیائی کھلاڑی Mario Mandzukicنے ایک پینلٹی بھی ضائع کی۔ اس میچ میں میونخ کے کھلاڑی چھائے رہے اور ہسپانوی کلب قدرے بے بس نظر آیا۔ ویلینسیا کی ٹیم فٹ بال پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کرتی رہی تاہم وہ اس میں مکمل طور پر کامیاب نہ ہو سکی۔ تاہم کھیل کے 91 منٹ میں ہسپانوی کلب کی طرف سے واحد گول نیلسن والدیز نے کیا۔
اس میچ میں جرمن کلب بائرن میونخ کی کامیابی کے ساتھ ہی چیمپئنز لیگ میں شریک جرمنی کے تینوں فٹ بال کلبوں نے اپنے اپنے افتتاحی میچوں میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ منگل کے دن شالکے اور ڈورٹمنڈ نے بھی اپنے اپنے میچ جیت لیے تھے۔گروپ بی کے ایک میچ میں جرمن کلب شالکے نے یونانی فٹ بال کلب اولمپیاکوس کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی تھی جبکہ ڈورٹمنڈ نے ایمسٹر ڈیم کی ٹیم اژاکس (Ajax)کوصفر ایک سے سے ہرایا تھا۔
چیمپئنز لیگ کی رنر اپ ٹیم میونخ اب اپنے گروپ میں بیلاروس کی ٹیم BATE Borisov کے ساتھ سرفہرست ہے۔ بدھ کے دن ہی کھیلے گئے ایک میچ میں بیلاروس کی ٹیم نےفرانسیسی کلب Lille کو ایک تین سے شکست دے دوچار کیا۔
(ab/ska(AFP