چيمپئنز ليگ میں جرمن کلب کی شاندار فتح
8 نومبر 2012بدھ کی شب جرمن شہر ميونخ ميں کھيلے گئے ايک ميچ ميں ميزبان ٹيم بائرن ميونخ کی کاميابی ميں سب سے اہم کردار کلاڈيو پيزارو نے ادا کيا۔ پيزارو نے پہلے ہاف کے دوران صرف پندرہ منٹ کے دورانيے ميں تين گول اسکور کرتے ہوئے اپنی ٹيم کی پوزيشن کو انتہائی مستحکم بنا ديا۔ گروپ ايف کا يہ ميچ ميونخ نے چھ کے مقابلے ميں ايک گول سے جيتا۔ دوسری جانب گروپ ايف کے ہی ايک اور ميچ ميں ہسپانوی ٹيم ويلنسيا نے بيلاروس کے کلب BATE Borisov کو دو کے مقابلے ميں چار گول سے ہرايا۔ ان نتائج کے بعد گروپ ايف ميں ويلنسيا اور ميونخ کی ٹيموں کے نو نو پوائنٹس ہوگئے ہیں۔
ادھر انگلش فٹبال کلب مانچسٹر يونائيٹڈ نے چيمپئنز ليگ کے رواں سيزن ميں فتوحات کا اپنا سو فيصد ريکارڈ برقرار رکھتے ہوئے پرتگالی کلب براگا کو ايک کے مقابلے ميں تين گول سے ہراديا۔ گروپ ايچ کے اس ميچ ميں کاميابی کے ساتھ مانچسٹر يونائيٹڈ نے چيمپئن شپ کے اگلے مرحلے کے ليے کواليفائی کر ليا ہے۔ يونائيٹڈ کی ٹيم چار ميچوں ميں بارہ پوائنٹس حاصل کرنے کے بعد اپنے گروپ ميں پہلی پوزيشن پر ہے۔
دوسری جانب گروپ ای کے ايک ميچ ميں دفاعی چيمپئن انگلش ٹيم چيلسی نے يوکرائن کے ٹيمShakhtar Donetsk کو دو کے مقابلے ميں تين گول سے ہرايا۔ اسی گروپ کے دوسرے ميچ ميں اطالوی ٹيم يووينٹس نے ڈينمارک کے کلب Nordsjeland کو بھی چار صفر سے ہرايا۔
گزشتہ رات کھيلے گئے ديگر ميچوں ميں سب سے دلچسپ ميچ ہسپانوی کلب بارسلونا اور اسکاٹ لينڈ کے کلب سيلٹک کے درميان رہا۔ اس ميچ ميں سيلٹک نے دو گول کيے جبکہ چار مرتبہ يورپی چيمپئن بننے والی بارسلونا کی ٹيم ايک گول ہی کر پائی۔ تاہم گروپ جی ميں نو پوائنٹس کے ساتھ بارسلونا کی ٹيم اب بھی سرفہرست ہے۔ سيلٹک سات پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
اس سے قبل منگل کو کھيلے گئے چند اہم ميچوں ميں جرمن ٹيم بوروسيا ڈورٹمنڈ اور ريئل ميڈرڈ کے درميان مقابلہ برابر رہا تھا۔ اس کے علاوہ فرانسيسی کلب ايجيکس اور انگلش کلب مانچسٹر سٹی کے درميان ميچ بھی دو دو گول سے برار رہا۔ جرمن ٹيم شالکے اور انگلش ٹيم آرسنل بھی اپنے ميچ ميں دو دو گول کر پائيں جبکہ اطالوی ٹيم اے سی ميلان اور ملاگا کے درميان مقابلہ ايک ايک گول سے برابر رہا تھا۔
as/sks (AFP)