چيمپئنز ليگ: رواں ہفتے بائرن ميونخ اور بارسلونا کی ٹيميں ايکشن ميں
18 فروری 2013جرمن فٹبال کلب بائرن ميونخ، چيمپئنز ليگ کے ناک آؤٹ مرحلے میں اپنا پہلا میچ منگل کی شب برطانوی کلب آرسنل کے خلاف کھیل رہا ہے۔ ميونخ کی ٹيم اس ٹورنامنٹ ميں لگاتار تيرہويں مرتبہ ناک آؤٹ اسٹيج تک پہنچنے ميں کامياب رہی ہے۔ جرمن کلب کے دفاعی کھلاڑی ڈينيل وان بوئيٹل کا آرسنل کے خلاف پہلے ليگ کے مقابلے کے حوالے سے کہنا ہے، ’’آرسنل کا شمار يورپ کی بہترين ٹيموں ميں ہوتا ہے۔ مستقبل کے ليے ان کے پاس نہ صرف زبردست کھلاڑی ہيں بلکہ ايک شاندار ٹيم بھی ہے۔‘‘
دوسری جانب آرسنل کے کھلاڑی آرن رامسے نے بھی اس مقابلے کو ایک مشکل چیلنج قرار دیا، ’’بائرن کے خلاف يہ ميچ مشکل ہوگا ليکن ہم پُر اعتماد ہيں کہ ميچ کے دن کوئی بھی کھلاڑی اچھی کارکردگی پيش کر سکتا ہے۔ بس ہميں چوکنا رہنا پڑے گا۔‘‘
واضح رہے کہ بائرن ميونخ کی ٹيم پچھلے سال چيمپئنز ليگ کے فائنل تک پہنچی تھی، جس ميں اسے ايک اور برطانوی کلب چيلسی کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ دريں اثناء جرمن قومی فٹبال ليگ بنڈس ليگا ميں بھی رواں سيزن بائرن کی پوزيشن کافی مستحکم ہے۔ اسے پوائنٹس ٹيبل پر اپنے قريب ترين حريف پر 15 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔ اس کے مقابلے ميں حاليہ کچھ سالوں کے دوران آرسنل کی ٹيم کی کارکردگی کچھ زيادہ اچھی نہيں رہی ہے اور سن 2005 کے بعد سے يہ ٹيم کوئی بھی ٹرافی جيتنے ميں ناکام رہی ہے۔
رواں ہفتے منگل کو دوسرا ميچ پرتگالی کلب ايف سی پورٹو اور ہسپانوی کلب ملاگا کے مابين کھيلا جائے گا۔
دوسری جانب بدھ 20 فروری کے دن ہسپانوی ٹيم بارسلونا اطالوی ٹيم اے سی ملان کے خلاف ميدان ميں اترے گی۔ اس ميچ کے ليے بارسلونا کے کھلاڑی Cesc Fabregas نے کہا، ’’يہ ميچ کافی مشکل رہے گا کيونکہ ہمارے مدمقابل ايک اچھی ٹيم ہے۔ تاہم ہم ميچ کے ليے پر اعتماد ہيں۔‘‘ بارسلونا کی ٹيم 11 مرتبہ چيمپئنز ليگ کی فاتح رہ چکی ہے اور رواں سيزن ميں اسے ہسپانوی قومی ليگ لا ليگا ميں بھی اپنے قريب ترين حريف پر 13 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔ ہسپانوی ٹيم کے عالمی شہرت يافتہ کھلاڑی ليونل ميسی بھی بہت اچھی فارم ميں نظر آتے ہيں، انہوں نے رواں سيزن ميں 48 گول کر رکھے ہيں۔
بدھ کی شب دوسرا ميچ جرمن ٹيم شالکے اور ترکی کی ٹيم Galatasaray کے مابين کھيلا جائے گا۔
چيمپئنز ليگ ميں دو ماہ کے وقفے کے بعد پچھلے ہفتے ميچ دوبارہ شروع ہوئے۔ ان ميچوں ميں ہسپانوی ٹيم ريئل ميڈرڈ اور برطانوی ٹيم مانچسٹر کے درميان مقابلہ ايک ايک گول سے برابر رہا۔ ميچ کا دوسرا ليگ اگلے مہينے پانچ تاريخ کو کھيلا جائے گا۔ پچھلے ہفتے ہی جرمن کلب ڈورٹمنڈ کا مقابلہ يوکرائن کے S. Donetsk سے ہوا جو دو دو گول سے برابر رہا۔ اس ميچ کے دوسرے ليگ کا مقابلہ بھی پانچ مارچ کو ہی ہو گا۔
(as/aba (AP