چند یورپی ممالک کو بدترین طوفان کا سامنا
28 اکتوبر 2013بجلی اور ٹرنسپورٹ کے نظام میں تعطل پیدا ہو جانے کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔ اُدھر فرانس میں گزشتہ کئی برسوں کے مقابلے میں اب تک کے بدترین طوفان کے باعث شمالی علاقوں کے قریب 75 ہزار گھروں کی بجلی معطل ہو گئی۔
برطانیہ کے جنوب مغربی ساحلی علاقے کو اپنی لپیٹ میں لینے والے طوفان نے کاروباری زندگی کو گزشتہ شب یعنی اتوار کی رات سے مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ دریں اثناء قومی مرکز برائے موسمیات نے درختوں کے گرنے کے خطرات کے علاوہ عمارات کو نقصان پہنچنے، بجلی کی سپلائی میں خلل اور ٹرانسپورٹ نظام درہم برہم ہونے سے خبر دار کیا ہے۔
برطانوی محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے مطابق جیسے جیسے طوفان برطانیہ کے مشرقی علاقے کی طرف بڑھ رہا ہے ویسے ویسے اس علاقے میں آج پیر کو چھ سے نُو گھنٹے موسلا دھار بارش کے امکانات بڑھتے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ 130 کلو میٹر کی رفتار سے چلنے والے جھکڑ کے سبب طاقت ور طوفان کے خطرات بہت زیادہ بڑھ گئے ہیں۔
موسم کی شدید خرابی کے پیش نظر عوام کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کے بارے میں ایک حکومتی اجلاس بھی منعقد ہوا جس کی صدارت وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے کی۔ اُدھر ریلوے کی انتظامیہ کے ایک سینیئر اہلکار روبن گسبی نے مسافروں کو ریل کے شیڈیول متاثر ہونے کے سبب مشکلات سے متنبہ کر دیا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا،" اگر ہم پیر کی سہ پہر تک ریلوے سروس بحال کرنے میں کامیاب ہو گئے اور کل یعنی منگل کی صبح تک ریلوے سروس بحال کی جا سکی تو ہم اسے اپنی ایک بڑی کامیابی سمجھیں گے" ۔ گسبی کے مطابق برمنگھم، نوٹنگ ہل اور مڈ لینڈز میں ٹرین کے شیڈول متاثر ہوں گے۔
برطانیہ کے سب سے بڑے ایئرپورٹ ہیتھرو سمیت تمام بڑے ہوائی اڈوں سے پروازوں کی منسوخی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ہیتھرو ایئر پورٹ کی کم از کم 30 پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں۔
انگلش چینل سے گزرنے والی ٹرین سروس ’یورو اسٹار‘ کی انتظامیہ نے بھی اعلان کر دیا تھا کہ پیر کی صبح سات بجے تک کوئی ٹرین حرکت نہیں کرے گی جس کا مطلب یہ ہوا کہ پیر کی صبح کی تمام ٹرین معمول کے بجائے کافی تاخیر سے چلنے کا امکان ہو گا۔
برطانیہ کے محکمہ موسمیات کے ایک ماہر ہلن شیورز نے اے ایف پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس بار کے طوفان سے پہنچنے والے نقصانات غالباً اتنے ہی ہوں گے جتنا کے 2002 ء میں اکتوبر کے ماہ میں آنے والے طوفان کے سبب ہوئے تھے۔
اُدھر مغربی فرانس میں آنے والے طوفان کے نتیجے میں آج پیر کی صبح 75 ہزاروں گھروں کی بجلی بند رہی۔ بجلی فراہم کرنے والے فرانسیسی نیٹ ورک ERDF کے مطابق 139 کلومیٹر کی رفتار سے چلنے والے جھکڑ نے بجلی کی لائنز کو بُری طرح نقصان پہنچایا ہے۔
برطانیہ میں طوفان کے سبب امدادی کارکنوں کو اپنے کاموں میں سخت رکاوٹ کا سامنا ہے جنہیں ایسٹ سُسیکس کے جنوبی ساحلی سمندر میں بہ جانے والے ایک 14 سالہ بچے کی تلاش کا کام روکنا پڑا۔