پاکستان میں گرمیاں زیادہ شدید اور طویل ہوں گی، محکمہ موسمیات
10 اپریل 2025جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق پاکستان کے وسطی صوبے پنجاب میں آفات سے نمٹنے والے ادارے نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ رواں برس جون سے پہلے اسکول بند کر دیے جائیں۔ عام طور پر پاکستان میں گرمیوں کی تعطیلات جون میں ہوتی ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ حکومت پاکستان اس تجویز پر عمل کرے گی۔
پاکستان میں بہت سے اسکولوں کی عمارات میں ایئر کنڈیشننگ کا نظام موجود نہیں ہے اور شدید گرمی میں طلبہ کا اسکول تک کا سفر صحت کے لیے خطرات کا باعث بن سکتا ہے۔ ڈیزاسٹر ایجنسی کے سربراہ عرفان علی نے جمعرات کو کہا، ''یہ فیصلہ بچوں کو ہیٹ اسٹروک اور ممکنہ طور پر اسہال کے پھیلاؤ سے بچائے گا۔‘‘
تقریباً 130 ملین آبادی والے صوبہ پنجاب کے کچھ حصوں میں دن کے وقت درجہ حرارت گرمیوں کے مہینوں میں 50 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب رہتا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کے محکمہ موسمیات نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے، ''ہیٹ ویوز اس بار زیادہ شدید اور طویل ہوں گی، جبکہ کچھ شہروں میں اپریل میں ہی غیر معمولی طور پر 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔‘‘
گزشتہ تعلیمی سال کے دوران شدید موسمی واقعات کی وجہ سے اسکولوں کے قریب 100 دن ضائع ہوئے۔ یہ معاملہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے تعلیم پر گہرے اثرات کو اجاگر کرتا ہے۔ پاکستان پہلے ہی تعلیم کے شعبے میں پیچھے ہے، جہاں پانچ سے 16 سال کی عمر کے لاکھوں بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔
اقوام متحدہ کے مطابق، پاکستان عالمی کاربن اخراج میں کم حصہ ڈالنے کے باوجود ماحولیاتی بحران کے اثرات کے لحاظ سے دنیا کے 10 سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔
ادارت: کشور مصطفیٰ